مسئلہ کشمیر کا پر امن حل، یواین او کے دروازے پر پھر دستک

ایڈیٹوریل  پير 1 جون 2020
بھارتی وزیراعظم مودی کے ہاتھوں بھارت ٹکڑے ٹکڑے ہونا جارہا ہے  فوٹو: فائل

بھارتی وزیراعظم مودی کے ہاتھوں بھارت ٹکڑے ٹکڑے ہونا جارہا ہے فوٹو: فائل

اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیرکے پر امن حل میں اپنا کردار ادا کریں، یہ مطالبہ پاکستانی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کو لکھے گئے، اپنے خط میں کیا ہے۔ درحقیقت سات دہائیوں سے مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے میں شامل ہے لیکن اس کی اپنی قراردادوں پر عملدرآمد نہیں ہوسکا ہے۔

پوری دنیا کورونا وائرس کی وبا سے نبرد آزما ہے جب کہ بھارتی سرکارکشمیریوں کے خلاف غیرقانونی اقدامات میں مصروف ہے،جوکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور عالمی قانون بالخصوص چوتھے جنیوا کنونشن کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ بھارت جبروستم کے جو پہاڑ مظلوم کشمیریوں پر توڑ رہا ہے اس کا واضح مقصد حق خودارادیت کی جدوجہدکودہشت گردی سے تعبیرکرکے دبانا ہے۔ بھارت نہ جانے یہ کیوں بھول جاتا ہے کہ کشمیری دبنے والے نہیں ہیں، انھوں نے اپنی جدوجہد آزادی کی تاریخ اپنے لہو سے رقم کی ہے۔

شہیدوں کا لہو ضروررنگ لائے گا اور وادی کشمیر میں آزادی کا سورج بہت جلد طلوع ہوگا۔ پاکستان سفارتی محاذ پر مسئلہ کشمیرکے حل کے لیے  بھرپور کوششوں میں مصروف ہے اور اقوام عالم کی توجہ مسلسل مسئلہ کشمیر پر مرکوزکرانے کا فریضہ بحسن وبخوبی ادا کررہا ہے۔

درحقیقت ہندوستان کے وزیراعظم نریندرمودی نے انتہا پسندی اور تعصب کے جس رجحان کو پروان چڑھایا ہے وہ خود بھارت کے وجود کے لیے خطرہ بنتا جا رہا ہے۔ مودی سرکارکے ہاتھوں کشمیریوں سمیت بھارتی مسلمانوں کے بنیادی حقوق سلب کیے جا رہے ہیں،گزشتہ برس اگست  سے جاری لاک ڈاؤن کے ذریعے آٹھ ملین کشمیریوں کو قیدکیا گیا ہے۔ بھارتی سرکار نے پاکستان، چین اورنیپال سمیت کسی ہمسائے سے بنا کر نہ رکھی ہے۔امریکا یا اسرائیل پر انحصار کرتے ہوئے بھارت کا اپنے ہمسایوں کے ساتھ تعلقات بگاڑنا اس کے لیے گھاٹے کا سودا ہے۔

مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور بھارت کے درمیان تین جنگیں ہوچکی ہیں، پاکستان نے ہرجارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے۔یوں لگتا ہے کہ بھارتی وزیراعظم مودی کے ہاتھوں بھارت ٹکڑے ٹکڑے ہونا جارہا ہے۔اس خط کے تناظر میں دیکھا جائے تو اقوام متحدہ  پر ذمے داری عائد ہوتی ہے کہ بھارت کو من مانی کارروائیوں سے روکے۔ پاکستان اور بھارت دونوں ممالک ایٹمی طاقت ہیں، دونوں کے درمیان اگر جنگ ہوئی تو یہ جنگ خطے اور دنیا کے امن کوتہ وبالا کردے گی، لہذا اقوام متحدہ کوچاہیے کہ وہ اپنی قراردادوں کے عین مطابق عملدرآمدکو یقینی بنانے کے لیے بھارت کو مجبورکرے اور مظلوم کشمیریوں کوانصاف فراہم کرے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔