ٹیسٹ کرکٹ بے زارعامرکے انتخاب پرسوال اٹھ گئے

کپتان کی مشاورت سے خدمات سے فائدہ اٹھانے کا فیصلہ کیا،مصباح الحق


Sports Reporter July 21, 2020
کپتان کی مشاورت سے خدمات سے فائدہ اٹھانے کا فیصلہ کیا،مصباح الحق

ٹیسٹ کرکٹ سے بے زارمحمد عامرکے انتخاب پر سوال اٹھ گئے، چیف سلیکٹر و ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ کپتان کی مشاورت سے سینئر بولر کی خدمات سے فائدہ اٹھانے کا فیصلہ کیا، بولنگ کی قوت میں اضافہ ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق محمد عامر ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہو چکے، اس کے باوجود دورۂ انگلینڈ کیلیے اسکواڈ میں ان کی شمولیت پر سوال اٹھنے لگے ہیں، اس حوالے سے چیف سلیکٹر وہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہاکہ بدقسمتی سے حارث رؤف کا کورونا ٹیسٹ بار بار مثبت آنے کے بعد محمد عامر کو انگلینڈ بلانے کا فیصلہ کیا۔

ہمارے پاس اتنا وقت باقی نہیں تھا کہ حارث کی دستیابی کا مزید انتظار کرتے، پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ ویڈیومیں انھوں نے کہا کہ محمد عامربچی کی پیدائش کی وجہ سے دستیاب نہیں تھے،اب انھیں کوئی مسئلہ نہیں ہے، موجودہ صورتحال میں کپتان بابر اعظم کی مشاورت سے وائٹ بال کرکٹ میں ان کے تجربہ سے فائدہ اٹھانے کا فیصلہ کیا،سینئر پیسر کی موجودگی سے بولنگ کی قوت بڑھے گی۔

یاد رہے کہ اچانک ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کا فیصلہ کرنے پر محمد عامر کو آج تک تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے، اسکواڈ میں کئی نوجوان پیسرز کی موجودگی کے باوجود سینئر بولر کو طلب کیے جانے پر بھی انگلیاں اٹھائی جا رہی ہے، سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر طنزیہ انداز میں راشد لطیف نے کہا کہ محمد عامر انگلینڈ کی بیٹنگ کو تباہ کر دے گا۔

مصباح الحق نے کہا کہ محمد رضوان کا پہلا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر بیک اپ کے طور پر روحیل نذیر کو شامل کیا تھا، وکٹ کیپر بیٹسمین کلیئر ہوکر انگلینڈ میں اسکواڈ کے ساتھ موجود ہیں، اس صورتحال میں محمد عامر کی آمد پر روحیل نذیر کو واپس بھجوایا جائے گا۔

ان کو انگلینڈ میں پریکٹس اور اعتماد حاصل کرنے کا اچھا موقع ملا ہے، شعیب ملک بھارت میں سفری پابندیوں کی وجہ سے اپنی فیملی سے ملاقات نہیں کرپائے، اس لیے تاخیر سے آئیں گے، کوشش ہوگی کہ ان کو ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل ٹریننگ کے لیے کم از کم 2 ہفتے ضرور مل جائیں، سینئر آل راؤنڈر کی آمد پر کس کو واپس پاکستان بھجوایا جائے یہ فیصلہ بعد میں کریں گے۔

اسکواڈ 29 رکنی ہی رکھا جائے گا، پیسرز کی تعداد زیادہ ہے، مساجر محمد عمران کو ملنگ علی کی معاونت کے لیے بلانے کا مقصد طویل ٹور میں ان کا بوجھ بانٹنا ہے۔

مقبول خبریں