پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس، آپریشنل تیاریوں اور جوانوں کے تربیتی امور کا جائزہ

ویب ڈیسک  بدھ 26 اگست 2020
کانفرنس میں بحری سرحدوں کے دفاع اور ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہنے کےعزم کا اعادہ۔ فوٹو : فائل

کانفرنس میں بحری سرحدوں کے دفاع اور ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہنے کےعزم کا اعادہ۔ فوٹو : فائل

 اسلام آباد: نیول ہیڈکواٹرز میں پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس ہوئی جس میں آپریشنل تیاریوں اور جوانوں کے تربیتی امور کا جائزہ لیا گیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول ہیڈکواٹرز اسلام آباد میں پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کی جب کہ فیلڈ کمانڈرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے کانفرنس میں شرکت کی۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کانفرنس کے دوران خطے کی سیکیورٹی صورت حال، پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں اور جوانوں کے تربیتی اور فلاحی امور کا جائزہ لیا گیا جب کہ نیول چیف کو پاک بحریہ کے مختلف دفاعی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

ترجمان کے مطابق امیرالبحر نے جدید ٹیکنالوجی کے حصول کے ذریعے پاک بحریہ کی صلاحیتوں میں اضافے کے اقدامات اور آپریشنل تیاریوں کو سراہا، اس کے علاوہ کانفرنس میں بحری سرحدوں کے دفاع اور ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہنے کےعزم کا اعادہ کیا گیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول چیف ایڈمرل ظفرمحمود عباسی نے پاک بحریہ کی سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں پر کمانڈرز کو ہدایات بھی دیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔