سجاول میں سنگدل بھائیوں نے بہن کو زنجیروں سے باندھ کر قید کر لیا

سر مونڈ دیا اور تشدد کا نشانہ بھی بنایا، اطلاع پر پولیس نے روبینہ کو بازیاب کرایا


Numainda Express September 18, 2020
چاروں ملزمان بھائی فرار، مقدمہ میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد درج کیا جائے گا، پولیس ۔ فوٹو : ایکسپریس

سنگدل بھائیوں نے بہن کو زنجیروں میں باندھ کر گھر میں قید کر لیا۔

انسانیت کو شرمانے والا ایک اور واقعہ منظر عام پر آگیا، سنگدل بھائیوں نے بہن کو زنجیروں میں باندھ کر گھر میں قید کر لیا اتنا ہی نہیں بلکہ وحشت اور درندگی کی انتہا کرتے ہوئے اپنی ہی سگی بہن کا سر مونڈ دیا اور اسے تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔

اس سلسلے میں معلوم ہوا ہے کہ کہیری محلہ سجاول میں 4 ظالم بھائیوں امیر، عبدالمجید، ابلا اور عزیز نے کئی دنوں سے اپنی ہی سگی بہن روبینہ عرف دودی سے غیر انسانی سلوک کرتے ہوئے زنجیروں سے باندھ کر قید کر رکھا تھا۔

اس ظلم کی اطلاع جب سجاول کے سماجی کارکن امیر بخش قمبرانی عرف نظیر احمد کو ملی تو اس نے پولیس کی مدد لی اور واقعے کے متعلق بتایا جس پر پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے روبینہ کو بازیاب کرایا، بعد ازاں روبینہ کو میڈیکل چیک اپ کے لیے سول اسپتال سجاول لایا گیا جہاں سے اسے سیف ہاؤس منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق چاروں ملزمان بھائی فرار ہو گئے ہیں اور واقعے کا مقدمہ میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد درج کیا جائے گا۔

مقبول خبریں