فیاض الحسن چوہان کا نواز شریف کے خلاف غداری کا مقدمہ چلانے کا مطالبہ

ویب ڈیسک  جمعرات 1 اکتوبر 2020
عدلیہ، افواج، ریاستی و جمہوری اداروں سمیت کوئی ادارہ شریف خاندان کی دشنام طرازی سے محفوظ نہیں، وزیرِ اطلاعات پنجاب

عدلیہ، افواج، ریاستی و جمہوری اداروں سمیت کوئی ادارہ شریف خاندان کی دشنام طرازی سے محفوظ نہیں، وزیرِ اطلاعات پنجاب

 لاہور: وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے نواز شریف کے خلاف غداری کا مقدمہ چلانے کا مطالبہ کردیا۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام شریف خاندان کا ملک دشمن ایجنڈا ٹھکرا چکے ہیں، نواز شریف اپنی کم فہمی کے باعث ہمیشہ پاکستان کے لیے عالمی سطح پر سبکی کا باعث بنے ہیں، عدلیہ، افواجِ پاکستان، ریاستی و جمہوری اداروں سمیت کوئی ادارہ شریف خاندان کی دشنام طرازی سے محفوظ نہیں۔

وزیرِ اطلاعات پنجاب نے کہا کہ شریف خاندان اپنی ذات کے علاوہ کچھ بھی سوچنے سمجھنے سے عاری ہیں، ہریسے، نہاری اور عوام کا مال کھا کھا کر ان کے دماغ پر چربی چڑھی ہوئی ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے نواز شریف کے خلاف غداری کا مقدمہ چلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ تین دفعہ وزیرِ اعظم رہنے والے نواز شریف نے ملکی رازوں کی حفاظت کا حلف اٹھایا تھا، وہ اہم ملکی رازوں سے پردہ اٹھا کر غداری کے مرتکب ہوئے ہیں، وہ ملک، قوم اور ریاستی اداروں سے بغض اور کینہ میں حد سے آگے نکل چکے ہیں، انہوں نے کروز میزائل کے حوالے سے سر عام بات کر کے حساس قومی راز افشاں کیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔