ٹک ٹاک اسٹار جنت مرزا کا پاکستان چھوڑ کر جاپان منتقل ہونے کا اعلان

ویب ڈیسک  بدھ 14 اکتوبر 2020
جنت مرزا ٹک ٹاک پر 10 ملین (ایک کروڑ)فالوورز رکھنے والی پہلی پاکستانی شخصیت ہیں فوٹوانسٹاگرام

جنت مرزا ٹک ٹاک پر 10 ملین (ایک کروڑ)فالوورز رکھنے والی پہلی پاکستانی شخصیت ہیں فوٹوانسٹاگرام

ٹوکیو: معروف پاکستانی ٹک ٹاک اسٹار جنت مرزا کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان چھوڑ کر جاپان منتقل ہورہی ہیں۔

پاکستان میں ٹک ٹاک پر سب سے زیادہ 10 ملین (ایک کروڑ) فالوورز رکھنے والی ٹک ٹاکر جنت مرزا ان دنوں جاپان میں ہیں اور اپنی بہنوں کے ساتھ جاپان کو انجوائے کررہی ہیں۔ جاپان میں ہونے کے باوجود جنت مرزا پاکستان اور پاکستانیوں سے غافل نہیں ہیں اور اپنی تصاویر کے ذریعے لوگوں کو اپنے ٹرپ سے متعلق مسلسل آگاہ رکھ رہی ہیں۔

گزشتہ روز جنت مرزا نے سوشل میڈیا ایپ انسٹاگرام پر لوگوں کے سوالات کے جوابات دئیے۔ اس دوران مسکان نامی خاتون نے ان سے پوچھا  آپ جاپان شفٹ ہورہی ہیں کیا؟ اس سوال کے جواب میں جنت مرزا نے مختصر جواب دیتے ہوئے کہا ’’جی‘‘۔

تاہم جنت کے اس مختصر جواب سے ان کے مداح کافی پریشان ہوگئے اور ایک اور صارف نے پوچھا آپ کیوں جاپان شفٹ ہورہی ہیں؟

جنت مرزا نے اس صارف کا جواب دیتے ہوئے کہا کیونکہ پاکستان بہت پیارا اور اچھا ہے لیکن پاکستان کے لوگوں کی ذہنیت اچھی نہیں۔ جنت مرزا نے اپنے جواب کی مزید وضاحت نہیں کی۔

واضح رہے کہ پی ٹی اے نے ویڈیوشیئرنگ چینی ایپ ٹک ٹاک پر غیراخلاقی اور نامناسب مواد نہ ہٹانے کے باعث پاکستان مین پابندی عائد کردی ہے۔ جنت مرزا ٹک ٹاک سے ہی مشہور ہوئی ہیں اور اس وقت ان کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر کسی بھی بڑے فنکار سے زیادہ فالوورز ہیں جو کہ ایک کروڑ ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔