چاند نظر نہیں آیا، عید میلاد النبی ﷺ جمعہ 30 اکتوبر کو ہوگی

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 17 اکتوبر 2020
تمام مسلمانانِ عالم کو ماہِ ربیع الاول اور عید میلادالنبی ﷺ کی مبارک ہو ، مفتی منیب الرحمان ۔ فوٹو : فائل

تمام مسلمانانِ عالم کو ماہِ ربیع الاول اور عید میلادالنبی ﷺ کی مبارک ہو ، مفتی منیب الرحمان ۔ فوٹو : فائل

 کراچی: مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی پاکستان کے چیرمین مفتی منیب الرحمان نے اعلان کیا ہے کہ آج ماہِ ربیع الاوّل کا چاند نظرنہیں آیا۔ یکم ربیع الاوّل 1442؁ھ پیر کو ہوگی اور عید میلادالنبی ﷺ جمعۃ المبارک 30 اکتوبر 2020؁ء کو ہوگی۔

مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس مفتی منیب الرحمان کے زیرِ صدارت دفتر محکمہ  موسمیات میٹ کمپلیکس موسمیات چورنگی یونیورسٹی روڈ کراچی میں منعقد ہوا۔

اجلا س میں زونل رویتِ ہلال کمیٹی سے مولانا حافظ محمد سلفی، مولانا قاری نذیر احمد نعیمی، مولانا صابر نورانی، قاری محمد اقبال اور علامہ سید علی کرار نقوی نے شرکت کی۔ فنی معاونت کے لئے محکمہ موسمیات کے چیف میٹر ولوجسٹ سردار سرفراز اور سپارکو سے غلام مرتضیٰ نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ پاکستان بھر میں صوبائی وضلعی اور زونل رویتِ ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ان کے متعلقہ ہیڈ کواٹرز پر منعقد ہوئے۔

بعض مقامات پرمطلع صاف تھا اور بعض جگہ ابرآلود  اور بعض جگہ گرد آلود تھا تاہم کسی مقام سے رویت کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی محکمہ موسمیات کے تمام مراکز سے بھی عدمِ رویت کی رپورٹ دی گئی لہٰذا اتفاقِ رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ یکم ربیع الاوّل 1442؁ھ پیر کو ہوگی اور عید میلادالنبی ﷺ جمعۃ المبارک 30 اکتوبر 2020؁ء کو ہوگی۔

مفتی منیب الرحمن نے تمام مسلمانانِ عالم کو ماہِ ربیع الاول اور عید میلادالنبی ﷺ کی مبارکباد پیش کی اور اُمت ِ مسلمہ اوروطنِ عزیز کی سلامتی اور امن وامان کی بحالی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔