انڈر 15 پلیئرز پر انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے بند

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 21 نومبر 2020
فیصلہ حفاظت کے پیش نظرکیا،ہر طرز کے مقابلوں پراطلاق ہوگا،آئی سی سی

  فوٹو : فائل

فیصلہ حفاظت کے پیش نظرکیا،ہر طرز کے مقابلوں پراطلاق ہوگا،آئی سی سی فوٹو : فائل

 لاہور:  انڈر 15 کھلاڑیوں پر انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے بند کردیے گئے جب کہ کسی بھی طرز کے مقابلوں میں شرکت کیلیے عمر اس سے کم نہیں ہونا چاہیے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کیلیے کم سے کم عمر کی کوئی حد مقرر نہیں تھی، البتہ اب اس ضمن میں آئی سی سی کی جانب سے پالیسی جاری کردی گئی ہے،15سال سے کم عمر کھلاڑیوں کو کسی بھی طرز کے مقابلوں میں شرکت کی اجازت نہیں ہوگی،اطلاق مینز،ویمنز تمام بین الاقوامی اور دو ملکوں کے باہمی مقابلوں پر بھی ہوگا، فیصلہ پلیئرز کے حفاظت کے پیش نظر کیا گیا۔

آئی سی سی نے کہا ہے کہ کسی غیر معمولی صورتحال میں اگر کوئی ملک انڈر15کرکٹر کو شامل کرنا چاہے تو پیشگی اجازت کیلیے درخواست میں معقول جواز پیش کرنا ہوگا،انھیں ثابت کرنا پڑیگا کہ رعایت پانے والا کھلاڑی ذہنی اور جسمانی طور انٹرنیشنل کرکٹ کا بوجھ اٹھانے کی استعداد رکھتا ہے۔

یاد رہے کہ انٹرنیشنل ڈیبیو کرنے والے کمسن ترین کرکٹر کا اعزاز پاکستان کے حسن رضا کو حاصل ہے،انھوں نے صرف 14سال 227دن کی عمر میں پہلا ٹیسٹ کھیلا تھا، رومانیہ کے میک گراسم اور کویتی بووسار نے بھی 14سال کی عمر میں اپنے ملک کیلیے پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلنے کا اعزاز کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔