ٹیم سے ڈراپ ہوتے ہی اسد شفیق کی فارم ’’بحال‘‘

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 21 نومبر 2020
قائد اعظم ٹرافی میچ میں سنچری، عمیر بن یوسف کے ناقابل شکست129رنز۔ فوٹو: فائل

قائد اعظم ٹرافی میچ میں سنچری، عمیر بن یوسف کے ناقابل شکست129رنز۔ فوٹو: فائل

 کراچی:  قومی ٹیم سے ڈراپ ہوتے ہی اسد شفیق کی فارم ’’بحال‘‘ ہو گئی۔

قائد اعظم ٹرافی فرسٹ الیون کرکٹ ٹورنامنٹ کے چوتھے راؤنڈ میں سینئر بیٹسمین کے ساتھ عمیر بن یوسف بھی سنچری بنانے میں کامیاب رہے۔ سندھ نے سدرن پنجاب کے خلاف پہلی اننگز میں 4 وکٹ پر 289 رنز اسکور کرلیے۔

نیشنل اسٹیڈیم پر جاری میچ میں ابتدائی دن کے اختتام پر عمیر بن یوسف 11 چوکوں کی مدد سے 129 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں،دوسرے اینڈ پر سعد علی 11 پر ناٹ آؤٹ ہیں، اسد شفیق17 چوکوں کی مدد سے 123 رنز بنانے کے بعد ریٹائرڈ ہوگئے۔

ضیاء الحق نے 41 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، این بی پی اسپورٹس کمپلیکس پر بلوچستان نے ناردرن کیخلاف پہلی اننگز میں 5 وکٹ پر 257 رنز بنا لیے،عظیم گھمن نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے،انھوں نے 8چوکوں کی مدد سے 95 رنز بنائے،علی وقاص 52،تیمور علی 26 اور عمران فرحت 24رنز کے ساتھ نمایاں رہے،نعمان علی نے 3 وکٹیں لیں۔

یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس پر خیبر پختونخوا کے خلاف سینٹرل پنجاب کی ٹیم پہلی اننگز میں 158 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ عثمان صلاح الدین نے 54 رنز اسکور کیے، احمد شہزاد صرف 12 رنز بنا سکے،ساجد خان نے 4اور عمران خان سینئر نے3  وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں خیبرپختونخوا نے 4 وکٹیں گنوا کر 61 رنز بنائے،اسرار اللہ نے 25 اور مصدق احمد نے 22 رنز اسکور کیے، عادل امین 8رنزپر ناٹ آؤٹ رہے،وقاص مقصود نے 17 اور بلال آصف نے 26 رنز دے کر 2،2 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔