شہبازشریف اور حمزہ شہباز کی 5 روز کے لیے پیرول پر رہائی کی منظوری

ویب ڈیسک  منگل 24 نومبر 2020
نواز شریف کے معالجین نے انہیں سختی سے سفر کرنے سے منع کیا ہے، عطا اللہ تارڑ

نواز شریف کے معالجین نے انہیں سختی سے سفر کرنے سے منع کیا ہے، عطا اللہ تارڑ

 لاہور: پنجاب کابینہ نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی 5 روز کے لیے پیرول پر رہائی  کی منظوری دے دی۔

پنجاب کابینہ نے صدر (ن) لیگ شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز کی 5 روز کے لیے پیرول پر رہائی کی منظوری دے دی ہے، محکمہ داخلہ پنجاب نے تھرو سرکولیشن کابینہ سے منظوری لی، تھروسرکولیشن صوبائی کابینہ سے منظوری کی سمری وزیراعلیٰ پنجاب کو بھجوادی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے شہباز شریف اور حمزہ شہبازشریف کی پیرول پر رہائی کے لیے پنجاب کابینہ سے منظوری لینے کی ہدایت کی تھی۔

دوسری جانب جاتی امرا کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کے ترجمان محمد زبیر کا کہنا تھا کہ 2 دن ہوگئے ہیں مگر ابھی تک شہباز شریف اور حمزہ شہباز پیرول پر رہا نہیں ہوئے، ہم تو کوشش کر رہے ہیں کہ آج ہی رہائی ہو لیکن پتہ نہیں کیوں حکومت رہائی میں تاخیر کر رہی ہے، انشااللہ آج یا کل تک رہائی ہوجائے گی جب کہ ڈیڈ باڈی کے پاکستان آنے کے بارے میں آج شام تک پتہ چلے گا۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو پے رول پر رہا کرنے کی ہدایت جاری

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان لانے کے لئے قانونی دستاویز جاری نہیں ہو سکیں، ان کے جاری ہوتے ہی میت پاکستان لائے جانے کے حوالے سے اقدامات ہوں گے، شریف سٹی کے گراؤنڈ میں نماز جنازہ ادا ہوگی اور جس دن جسد خاکی آئے گا اس دن ظہر کی نماز کے بعد جنازہ ہوگا، جیسے ہی قانونی معاملات پورے ہوتے ہیں اس کے مطابق پرواز کا معاملہ طے ہوگا۔

ایک سوال کے جواب میں عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ نواز شریف کے معالجین نے انہیں سختی سے سفر کرنے سے منع کیا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ انکا علاج مکمل ہو، نہ ہم کوئی رسک لینا چاہتے ہیں اور نہ نواز شریف کو لینا چاہے، نواز شریف کی ہمشیرہ اور دونوں بہنوئی جسد خاکی کے ہمراہ آئیں گے۔

مزید تفصیلات کے لیے: نواز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر انتقال کرگئیں

ن لیگ نے رسم قل محدود تعداد کے لیے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بیگم شمیم اختر مرحومہ کے انتقال پر افسوس کے لیے آنے والوں کو کورونا ایس او پیز کے تحت کھلی جگہ پر شریف سٹی میں بٹھایا جائے گا۔ رہنماؤں کو جاتی امرا جبکہ کارکنوں کو شریف سٹی میں بیٹھنے کا انتظام کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔