کراچی میں آج بھی سرد ہوائیں چلیں گی، درجہ حرارت مزید گرگیا

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 27 نومبر 2020
شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت مزید 2 ڈگری گرگیا ۔ فوٹو : فائل

شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت مزید 2 ڈگری گرگیا ۔ فوٹو : فائل

 کراچی:  شہر میں جمعرات کو تندوتیز سرد ہوائیں چلیں جن کی رفتار 50 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئیں، اگلے 3 روز تک ہواؤں کی شدت برقرار رہنے کا امکان، شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت مزید 2 ڈگری گرگیا۔

جمعرات کو شہر میں ہواؤں کی رفتار میں اضافہ رہا، بلوچستان کی شمال مشرقی سمت سے چلنے والی ہواوں کی رفتار 50 کلومیٹرفی گھنٹہ ریکارڈ ہوئیں، تندوتیز ہوائیں چلنے کے سبب دن کے وقت بھی سردی محسوس کی گئی، بیشتر وقت شہر کا مطلع جذوی طور پر ابرآلودرہا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو شہر کا کم سے کم پارہ 15 ڈگری اور زیادہ سے زیادہ مزید 2 ڈگری کمی سے 25 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، صبح کے وقت نمی کا تناسب 69 اور شام کو 27 فیصد رہا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 3 روز کے دوران معمول سے زیادہ تیز شمال مشرقی ہوائیں چلنے کا امکان ہے،آج مطلع جذوی ابر آلود اور صاف رہنے جب کہ کم سے کم پارہ 14 سے 16 اور زیادہ سے زیادہ 25 سے 27 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔