ڈرون حملوں کا معاملہ انسانی حقوق کونسل میں لے جائینگے پاکستان

ڈرون حملے امن و استحکام کیلیے حکومتی کوششوں پرمنفی اثرات بھی مرتب کررہے ہیں،ترجمان دفتر خارجہ


Numainda Express/AFP/Net News December 27, 2013
ڈرون حملے امن و استحکام کیلیے حکومتی کوششوں پرمنفی اثرات بھی مرتب کررہے ہیں،ترجمان دفتر خارجہ۔فوٹو:فائل

پاکستان نے ایک بار پھر ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے معاملہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں لے جانے کا اعلان کردیا ہے جبکہ شمالی وزیرستان میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ہونیوالے ڈرون حملے میں 3 مبینہ عرب جنگجوہلاک ہوگئے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں حالیہ ڈرون حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اگر ڈرون حملے جاری رہے تو ہم جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں جائیں گے اور ان حملوں کیخلاف قرارداد پیش کریں گے۔ ترجمان نے بتایا کہ ڈرون حملے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کیساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ میں خطرناک ثابت ہورہے ہیں، یہ امن و استحکام کیلیے حکومتی کوششوں پرمنفی اثرات بھی مرتب کررہے ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ ڈرون حملوں میں معصوم شہری جاں بحق ہورہے ہیں،یہ انسانی حقوق کے حوالے سے بھی نقصان دہ ہیں،حملوں کیخلاف بین الاقوامی اتفاق رائے کیلیے کوششیں کی جا رہی ہیں ۔ افغانستان سے غیرملکی افواج کی واپسی کے بعد امریکا کیساتھ تعلقات پرتبصرہ کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پاک امریکا تعلقات متنوع ہیں، یہ صرف ایک ایشو تک محدود نہیں، دفاع ، معیشت ، بجلی اور تعلیمی شعبوں میں تعاون آئندہ بھی جاری رہے گا۔

 photo 2_zps44cd904a.jpg

ترجمان نے کہا کہ ایٹمی ٹیکنالوجی کے شعبے میں پاک چین تعاون کوآئی اے ای اے کے تحت تحفظ حاصل ہے، اس تعاون کیخلاف بعض مفاد پرستوں کی جانب سے شروع کی گئی گھٹیا مہم مستردکرتے ہیں۔ ایک سوال پرانھوں نے کہا کہ پاکستان سویلین نیوکلیئر ٹیکنالوجی کی رکنیت اور تعاون کے لیے نیوکلیئرسپلائرز گروپ کے ارکان کیساتھ ڈائیلاگ میں شامل ہے، وزیر اعظم نے امریکا سے سول جوہری توانائی کے معاملے پربات نہیں کی۔ کشن گنگا تنازع میں عالمی ثالثی عدالت کے فیصلے پر ترجمان نے کہا کہ اس فیصلے پر پورے خلوص اور جذبے کیساتھ عملدرآمد کی ضرورت ہے، عدالت نے اپنا پہلا فیصلہ برقرار رکھا۔ انھوں نے بھارتی وزیرخارجہ کے اس بیان کا بھی خیر مقدم کیا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ڈائیلاگ کے سوا کوئی آپشن نہیں۔ دوسری جانب بی بی سی کے مطابق سیکیورٹی حکام نے بتایا کہ افغان سرحد کے قریب واقع گائوں قطب خیل میں ہونیوالے ڈرون حملے میں 3 مبینہ عرب جنگجو ہلاک ہوئے۔ اے ایف پی کے مطابق پشاور میں تعینات ایک اہلکار کا کہنا ہے کہ اس حملے میں 4 افراد ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوا۔

مقبول خبریں