محمد عباس نے نیوزی لینڈ میں بھی افادیت ثابت کردی

4 وکٹیں اڑا دیں،عماد بٹ اور یاسرکے3، 3شکار،کیویز226رنزپرآؤٹ


Sports Reporter December 19, 2020
مہمان اے ٹیم کے دوسری اننگز میں ایک وکٹ پر 15رنز، عابد پھرناکام فوٹو : فائل

محمد عباس نے نیوزی لینڈ کی کنڈیشنز میں بھی افادیت ثابت کر دی، انہوں نے4روزہ ٹور میچ کی پہلی اننگز میں 4 وکٹیں اڑا دیں۔

پاکستان شاہینز اور نیوزی لینڈ اے کا4 روزہ میچ وانگرائے میں کھیلا جا رہا ہے،اس میں مہمان ٹیم کی جانب سے ٹیسٹ کھیلنے کے امیدوار بھی فارم اور فٹنس ثابت کرنے کیلیے کوشاں ہیں، پہلے روز پاکستان شاہینز نے194 رنز بنائے تھے، اظہر علی کے سوا کوئی ففٹی بنانے میں بھی کامیاب نہیں ہوسکا تھا۔

گذشتہ روز نیوزی لینڈ اے نے ایک وکٹ پر 23رنز سے اننگز کا دوبارہ آغاز کیا اور پوری ٹیم 226پر آؤٹ ہوگئی، اوپنر راچن راویندرا نے 70 کی اننگز کھیلی، اس دوران کلین میکلور24اور جو کارٹر1 رن بناکر ساتھ چھوڑ گئے۔

مائیکل بریسویل نے کھاتہ بھی نہیں کھولا، کیم فلیچر نے 57 اور ناتھن اسمتھ نے 40 رنز کی مزاحمت کرتے ہوئے ٹیم کا ٹوٹل بہتر بنایا، ٹیل اینڈرز زیادہ مزاحمت نہیں کر پائے، محمد عباس نے 40 رنز دے کر 4 شکار کرتے ہوئے کیوی کنڈینشنز میں بھی افادیت ثابت کردی، پیسر عماد بٹ اور اسپنر یاسر شاہ نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

32رنز کے خسارے سے دوسری اننگز کا آغاز کرتے ہوئے پاکستان نے کھیل ختم ہونے تک ایک وکٹ پر15رنز بنائے، شان مسعود 10 اور اظہر علی 2 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں، پہلی اننگز میں کریز پر زیادہ وقت نہ گزار پانے والے عابد علی دوسری باری میں بھی ناکام رہے اور صرف ایک رن بناکر ایڈ نٹل کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

مقبول خبریں