سندھ یونیورسٹی جامشورو وی سی کیلیے 16 امیدوار شارٹ لسٹ

ڈاکٹر فتح مری کا نام بھی شامل ، امیدواروں کو آئندہ ہفتے انٹرویو کے لیے بلایا جا رہا ہے


Safdar Rizvi December 24, 2020
موجودہ وی سی فتح محمد برفت کی 4سالہ مدت ملازمت 17 جنوری کو پوری ہورہی ہے۔ فوٹو: فائل

صوبے کی سر کاری جامعات میں وائس چانسلر کے تقرر کی سفارش کرنیوالی تلاش کمیٹی نے سندھ یونیورسٹی جامشورو کے نئے سربراہ کے انتخاب کے لیے 16 امیدواروں کے ناموں کو شارٹ لسٹ کرلیا ہے اور انھیں آئندہ ہفتے انٹرویو کے لیے بلایا جارہا ہے تلاش کمیٹی کا اجلاس منگل کی صبح کنوینر ڈاکٹر عبدالقدیر راجپوت کی زیر صدارت ہوا۔

منگل کے روز منعقدہ تلاش کمیٹی کے اجلاس میں اسکروٹنی کے بعد جن 16 امیدواروں کے ناموں کو شارٹ لسٹ کیا گیا۔ ان میں ایچ ای سی اسلام آباد کے سابق ایگزیکٹیوو ڈائریکٹر اور موجودہ ممبر ڈاکٹر فتح مری کا نام بھی شامل ہے۔

قابل ذکر امر یہ ہے کہ ڈاکٹر فتح مری کا انتخاب اس سے قبل لیاری یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے طور پر کیا جاچکا تھا ان کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تاہم ایک ماہ تک چارج نہ لینے کے بعد انھوں نے وزیر اعلی سندھ سے ایک ملاقات میں اس عہدے کا چارج لینے سے معذرت کرلی تھی حالانکہ وہ خود اس عہدے کے لیے درخواست گزار تھے تاہم اس کے بعد انھوں نے ٹنڈو جام زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی تقرری کی خواہش ظاہر کی اور اسی اثنا میں انھوں نے مذکورہ اسامی کے لیے درخواست دی تلاش کمیٹی کو انٹرویو دیا اور ایک بار پھر ان کا نام زرعی یونیورسٹی ٹنڈو جام کے وائس چانسلر کے لیے بھجوادیا گیا۔

یہ سمری اب وزیر اعلی ہاؤس میں منظوری کی منتظر ہے، اسی اثنا میں انھوں نے سندھ یونیورسٹی جامشورو کے وائس چانسلر کی اسامی کی بھی درخواست دے دی ہے تلاش کمیٹی نے انھیں شارٹ لسٹ کرکے آئندہ ہفتے انٹرویو کھ لیے بلانے کا بھی فیصلہ کیا ہے، تلاش کمیٹی کے ذرائع کہتے ہیں کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہ اس سلسلے میں شدید کنفیوزن کا شکار ہیں کہ وائس چانسلر شپ کے لیے آخر سندھ کی کس جامعہ کا انتخاب کریں۔

علا وہ ازیں سندھ یونیورسٹی جامشورو کے وائس چانسلر کے لیے جن دیگر 15 ناموں کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے ان میں موجودہ وائس چانسلر ڈاکٹر فتح محمد برفت ، سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلرمحمد علی شیخ، سندھ یونیورسٹی کے ڈاکٹر کلہوڑو، ڈاکٹر حسین بخش مری، پروین منشی، خان محمد بروہی، ڈاکٹر اسد اللہ، نذیر احمد سانگی، سرفراز سولنگی، نبی بخش جمانی، غلام سرور مرکھنڈ،عنایت اللہ شاہ، مدد علی شاہ، عبدالرزاق مہر اور عبد اللہ ڈاؤ شامل ہیں۔

واضح رہے کہ سندھ یونیورسٹی جامشورو کے موجودہ وائس چانسلر ڈاکٹر فتح محمد برفت کی چار سالہ مدت ملازمت آئندہ ماہ 17 جنوری کو پوری ہورہی ہے۔

مقبول خبریں