کشمیر پاکستان کا حصہ ہے، ترک اداکار جلال آل المعروف عبدالرحمان

ویب ڈیسک  اتوار 10 جنوری 2021
آپ کے بہن بھائی ترک آپ کو سلام پیش کرنے کے ساتھ ساتھ آپ کے لیے دعا گو ہیں، جلال آل کا پیغام فوٹوانسٹاگرام

آپ کے بہن بھائی ترک آپ کو سلام پیش کرنے کے ساتھ ساتھ آپ کے لیے دعا گو ہیں، جلال آل کا پیغام فوٹوانسٹاگرام

اسلام آباد: ترک ڈراما سیریل ’ارطغرل غازی‘ میں سلطنت عثمانیہ کے کمانڈر عبدالرحمان کا کردار ادا کرنے والے اداکار جلال آل نےکہا ہے کہ کشمیر پاکستان کاحصہ ہے۔

جلال آل ان دنوں پاکستان کے دورے پر ہیں اور وہ پاکستان کی مہمان نوازی اور پاکستانیوں کی محبت سے اتنے زیادہ متاثر ہوئے کہ سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ پر مختلف اسٹوریز کے ذریعے اپنی محبت کا اظہار کررہے ہیں۔ جلال آل نے جمعہ کے روز انسٹاگرام پر پاکستانی پرچم کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کی۔ تصویر میں انہوں نے ترکی کے پرچم والا ماسک اپنے چہرے پر لگایا ہوا ہے۔ اور اس کے ساتھ ہی انہوں نے پاک ترک دوستی اور بھائی چارے کو بیان کرتے ہوئے نہایت ہی خوبصورت پیغام اردو میں لکھا۔

یہ بھی پڑھیں: ارطغرل غازی کے اداکار جلال آل المعروف عبدالرحمان کی پاکستان آمد

جلال آل نے سب سے پہلے تو تمام پاکستانیوں کو جمعہ کی مبارکباد دی اور لکھا ’’زندہ باد ہلالی پرچم والے برادر ممالک سرخ ہلالی پرچم کی کمی پورے کرتے ہوئے آپ کے ساتھ ہیں اور آپ کے بہن بھائی ترک آپ کو سلام پیش کرنے کے ساتھ ساتھ آپ کے لیے دعا گو ہیں‘‘۔

جلال آل نے اپنے پیغام میں کشمیر کو پاکستان کا حصہ قرار دیتے ہوئے لکھا ’’کشمیر پاکستان کا حصہ ہے اسلام آباد سے تمام پاکستانی بہن بھائیوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔‘‘

یہ بھی پڑھیں: برصغیر کے مشہور کردار ’’ترک لالہ‘‘ پر ڈرامہ بنانے کا فیصلہ

جلال آل نے انگریزی میں پاکستان کا مقبول ترین ملی نغمہ ’’دل دل پاکستان جان جان پاکستان‘‘ اور پاک ترک بھائی چارہ زندہ باد انشااللہ الحمداللہ کا پیغام بھی لکھا۔ اپنی پوسٹ میں ترک اداکار نے جمعہ مبارک، کشمیر، پاکستان اور اسلام آباد کے ہیش ٹیگز استعمال کیے۔

جلال آل نے اسلام آباد کے دورے کے دوران مختلف جگہوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے شکرپڑیاں میں پاکستانی یادگار کا دورہ کیا اور انسٹاگرام اسٹوری پر بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی تصویر کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے قائد اعظم محمد علی جناح کو عظیم لیڈر، وفادار، سچا مسلمان، ترکی کا دوست اور اپنا ہیرو قراردیتے کہا کہ وہ بانی پاکستان سے بے حد متاثر ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے قائد اعظم محمد علی جناح کے جنت میں اعلیٰ مقام حاصل کرنے کی دعا کی۔

اس کے علاوہ انہوں نے شاعر مشرق علامہ اقبال اور وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ساتھ تصاویر بھی اسٹوری پر شیئرکیں۔

واضح رہے کہ جلال آل المعروف عبدالرحمان نے گزشتہ روز انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے بتایا کہ ان کی اگلی منزل کراچی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔