صہیب ڈومیسٹک کرکٹ کے ذریعے خامیاں دورکریں گے

کندھوں میں عوامی توقعات کا بوجھ اٹھانے کی طاقت موجود ہے، نوجوان بیٹسمین


Sports Reporter January 03, 2014
عمدہ کھیل پر سراہنے اور غلطیوں کی نشاندہی کرنے والوں کا تہہ دل سے مشکور ہوں ۔ فوٹو: فائل

نوجوان بیٹسمین صہیب مقصود ڈومیسٹک کرکٹ کے ذریعے تکنیکی خامیوں پرقابو پائیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ میرے کندھوں میں اتنی طاقت ہے کہ عوامی توقعات کا بوجھ اٹھا سکوں، ناقص کارکردگی پر تنقید کا برا نہیں مناتا، عمدہ کھیل پر سراہنے اور غلطیوں کی نشاندہی کرنے والوں کا تہہ دل سے مشکور ہوں ۔ نمائندہ ''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے نوجوان بیٹسمین نے کہا کہ حالیہ سیریز میں بیٹنگ کی جو تکنیکی خامیاں سامنے آئیں انھیں ڈومیسٹک کرکٹ میں دور کرنے کی کوشش کروں گا، اس سے فٹنس برقرار رکھنے میں بھی مدد ملے گی ۔ صہیب نے کہاکہ ٹیم ٹیسٹ کرکٹ کھیل رہی ہے لہذا ابھی میرے پاس وقت ہے، فرصت کے ان لمحات کو ضائع نہیں کرنا چاہتا، اپنی فارم کو برقرار رکھنے اورکمزوریوں پر قابو پانے کیلیے سینئرز سے مشاورت بھی جاری رکھوں گا، انھوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے بعد سری لنکا سے سیریز میں بھی بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا، کپتان مصباح الحق اور شاہد آفریدی بہت زیادہ رہنمائی کرتے ہیں۔



انھوں نے کہا کہ آئی لینڈرز کیخلاف ٹیسٹ سیریز کا ٹیم کمبی نیشن بہترین ہے، امید ہے کہ گرین کیپس فتح حاصل کرلیں گے۔ صہیب نے کہاکہ انٹریشنل کیریئر کے شاندار آغاز کے بعد عوام کی مجھ سے توقعات بھی بڑی گئی ہیں مگر میں اسے مثبت انداز میں لیتے ہوئے آگے بڑھوں گا، ہر گزرتے دن کے ساتھ میرے اعتماد میں اضافہ ہورہا ہے،قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان کی عزت افزائی کیلیے خوب محنت کروں گا۔ آتے ہی اونچے اسٹروکس کھیلنے اور تکنیکی خامیوں کے حوالے سے سوال پر صہیب نے کہا کہ ہمیشہ ٹیم کی جیت کیلیے کھیلتا ہوں، 30 اوورز کے بعد اگر باری آئے توزیادہ دیر وکٹ پر سست روی سے نہیں کھیل سکتا، خامیوں پر قابو پانے کیلیے ساتھی پلیئرز اور سینئر سے رہنمائی لیتا رہوں گا۔ انھوں نے کہا کہ ناقص کارکردگی پر تنقید کا برا نہیں مناتا' یقیناً تنقید کرنے والے مجھے بہتر کرکٹر دیکھنا چاہتے ہیں اسی لیے میرے بارے میں تاثر دیتے ہیں، اچھا کھیلتا ہوں تو یقیناً تعریفیں بھی بہت ہوتی ہیں۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ لگن اور محنت سے قومی ٹیم2014 بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریگی۔

مقبول خبریں