سعودی عرب نے حوثی باغیوں کے 7 ڈرونز اور میزائل حملوں کو ناکام بنادیا

ویب ڈیسک  اتوار 28 فروری 2021
حملوں میں جانی نقصان نہیں ہوا، فوٹو : فائل

حملوں میں جانی نقصان نہیں ہوا، فوٹو : فائل

ریاض: سعودی عرب نے 24 گھنٹوں کے دوران یمن کے حوثیوں باغیوں کی جانب سے کیے گئے 7 حملوں کو ناکام بنادیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی سربراہی میں قائم عسکری اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران حوثی باغیوں نے 4 ڈرونز اور 3 میزائل ریاض، مشیط خمیس اور جازان کی جانب داغے جنہیں فضا میں ہی ناکارہ بنا دیا گیا۔

سعودی عرب کی قیادت میں قائم عسکری اتحاد کے ترجمان نے مزید بتایا کہ حوثیوں نے بارود سے بھرے تین ڈرونز اور ایک میزائل دارالحکومت ریاض کی جانب داغا تھا جس سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان کا اندیشہ تھا۔

رواں ماہ حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے سرحدی علاقوں پر ڈٖرون اور میزائل حملوں کا سلسلہ تیز کردیا ہے۔ دوسری جانب سعودی عرب نے بھی اپنے دفاعی فضائی نظام کو الرٹ کردیا ہے۔

حوثی باغیوں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹس میں بارودی ڈرونز اور میزائل حملوں میں سعودی عرب کے بڑے نقصان کا دعویٰ کیا ہے تاہم آزاد ذرائع سے اس دعوے کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔