حسن علی کی سیریز سے محرومی کا خطرہ ٹل گیا

مسلسل دوسرا کورونا ٹیسٹ نیگیٹو آگیا،آج بائیوببل کا حصہ بن جائیں گے۔


Sports Reporter March 23, 2021
مسلسل دوسرا کورونا ٹیسٹ نیگیٹو آگیا،آج بائیوببل کا حصہ بن جائیں گے۔ فوٹو: فائل

حسن علی کی دورہ جنوبی افریقہ سے محرومی کا خطرہ ٹل گیا جب کہ پیسر کا مسلسل دوسرا کورونا ٹیسٹ منفی آگیا۔

دورہ جنوبی افریقہ اور زمبابوے کیلیے قومی اسکواڈ میں شامل تمام کرکٹرز کے پہلے کورونا ٹیسٹ گھروں پر کیے گئے تھے،ان میں سے صرف ایک کھلاڑی حسن علی کی رپورٹ مثبت آئی۔

دیگر پلیئرز اور معاون اسٹاف ارکان نے لاہور کے مقامی ہوٹل میں رپورٹ کردی تھی، ان سب کے دوسرے ٹیسٹ بھی منفی آئے جس کے بعد جمعے کو قذافی اسٹیڈیم میں تربیتی کیمپ کا آغاز ہوا، پی ایس ایل کے دوران بھی وائرس کی زد میں آکر کلیئر ہونے والے حسن علی کو گھر پر رہنے کی ہدایت دی گئی۔

گذشتہ روز نام ظاہر کیے بغیر پی سی بی نے اعلامیے میں کہاکہ ایک کھلاڑی کے مسلسل 2 ٹیسٹ منفی آچکے ہیں، وہ منگل سے لاہور میں قائم بائیوببل کا حصہ بن جائیں گے، وہاں ان کو 24 گھنٹے آئسولیشن میں گزارنا ہوں گے، یہ مدت پوری کرنے کے بعد اگلے 2 ٹیسٹ بدھ کو کیے جائیں گے،رپورٹس منفی آنے پر 26مارچ کو وہ اسکواڈ کے ہمراہ جوہانسبرگ روانہ ہوسکیں گے۔

دوسری طرف قومی اسکواڈ کے دیگر34 اراکین کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹس بھی منفی آئی ہیں، ان تمام ارکان کی چوتھی اور آخری ٹیسٹنگ اب بدھ کو ہوگی۔

یاد رہے کہ پاکستانی ٹیم دورئہ انگلینڈ کیلیے چارٹرڈ طیارے پر روانہ ہوئی تھی،نیوزی لینڈ کیلیے روانگی کمرشل پرواز میں ہوئی،وہاں پہنچتے ہی تسلسل کے ساتھ پازیٹیو کیسز سامنے آنے لگے تھے،ان مسائل کی وجہ سے قرنطینہ بھی طویل ہوا،اس بار کسی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلیے خصوصی طیارے کا اہتمام کیا گیا ہے،دوسری جانب ہوٹل میں بھی ہر ممکن احتیاط برتنے کی کوشش ہورہی ہے۔

مقبول خبریں