کراچی میں ہیٹ ویو جاری پارہ 41 ڈگری عبور کرگیا

شہر میں گرمی کی شدید لہر مزید 48 گھنٹے جاری رہ سکتی ہے، محکمہ موسمیات


ویب ڈیسک April 01, 2021
شہر میں گرمی کی شدید لہر مزید 48 گھنٹے جاری رہ سکتی ہے، محکمہ موسمیات (فوٹو : فائل)

شہر قائد میں پارہ 41 ڈگری سینٹی گریڈ عبور کرگیا، گرمی کی موجودہ غیر معمولی لہر مزید 48 گھنٹے جاری رہ سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری ہواؤں کی بندش اور بلوچستان کی ریگستانی ہواؤں کی وجہ سے لو کے تھپڑے چلے، ارلی وارننگ سینٹر کی جانب سے جاری کردہ دوسری ایڈوائزری میں شہریوں کو احتیاط کا مشورہ دیا گیا ہے۔

ہواؤں کا رخ تبدیل ہونے کے سبب جمعرات کو بھی شہر شدید گرمی کی لپیٹ میں رہا، سمندر کی جنوب مغربی ہواؤں کی بندش اور بلوچستان کے شمال مغربی گرم وخشک ریگستانی ہوائیں چلنے کی وجہ سے موسم گرم اور خشک رہا۔ دن بھر لو کے تھپڑے چلے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41.3 ڈگری ریکارڈ ہوا۔دن کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب صرف 6 فیصد ہونے کے باوجود شدید حبس اور گھٹن رہی۔ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 22 ڈگری جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 25 فیصد ریکارڈ ہوا۔

محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر نے ہیٹ ویو کی دوسری ایڈوائزری جاری کی جس کے مطابق آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران گرمی کا پارہ 41 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے، شہر میں گرمی کی لہر کے دوران بیشتر وقت بلوچستان کی گرم وخشک ریگستانی ہوائیں چلنے جبکہ بعدازاں سمندری ہوائی بحال ہونے کا امکان ہے۔

یہ پڑھیں: کراچی میں آج سے سال کا پہلا ہیٹ ویو الرٹ جاری

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کو موسم گرم اور خشک جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 سے 40 ڈگری کے درمیان رہ سکتا ہے، شہری صبح 11 بجے سے شام 4 بجے تک دھوپ سے بچنے کی کوشش کریں۔

مقبول خبریں