پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں زمبابوے کو شکست دیدی

ویب ڈیسک  بدھ 21 اپريل 2021
قومی ٹیم کی جانب سے عثمان قادر نے 3 اور محمد حسنین نے 2 وکٹیں حاصل کیں - فوٹو؛ پی سی بی

قومی ٹیم کی جانب سے عثمان قادر نے 3 اور محمد حسنین نے 2 وکٹیں حاصل کیں - فوٹو؛ پی سی بی

ہرارے: پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں زمبابوے کو 11 رنز سے شکست دے دی۔ 

ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستانی بیٹنگ لائن مکمل ناکام ثابت ہوئی تاہم محمد رضوان کی شاندار اننگز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 149 رنز بنانے میں کامیاب رہی جس کے جواب میں میزبان ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر 138 رنز بناسکی۔

زمبابوے کی جانب سے تناشے کمن ہکاموے اور ویزلے میڈھویرے نے اننگز کا آغاز کیا، میڈھویرے نے جارحانہ آغاز کیا تاہم وہ 14 رنز پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے جس کے بعد اپنا پہلا میچ کھیلنے والے تدی وانشے مرومانی کریز پر آئے اور پہلی ہی گیند پر اپنی وکٹ گنوا دی۔

https://twitter.com/TheRealPCB/status/1384839698481389571

تناشے کمن ہکاموے اور کریگ ارون کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 56 رنز کی اہم شراکت قائم کی تاہم محمد حفیظ نے اس شراکت کا خاتمہ کیا، کمن ہکاموے29 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے اور اگلے ہی اوور میں ارون کی ہمت بھی 34 رنز پر جواب دے گئی۔

کپتان شان ولیمزن صرف 9 رنز ہی بناسکے۔ وکٹ کیپر بیٹسمین ریگس چکابوا 3 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔  ریان برل اور  لیوک جونگوے نے آخری لمحات میں اچھا کھیل پیش کیا تاہم وہ ٹیم کو جیت سے ہمکنار نہ کرواسکے۔ قومی ٹیم کی جانب سے عثمان قادر نے 3، محمد حسنین 2 جب کہ محمد حفیظ اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل زمبابوے نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان کی جانب سے محمد رضوان اور بابراعظم  نے اننگز کا آغاز کیا۔ 8 کے مجموعی اسکور پر مزاربانی نے بابر اعظم کو آؤٹ کردیا۔ انہوں نے صرف 2 رنز بنائے۔

بابر کے بعد رضوان کا ساتھ نبھانے فخر زمان میدان میں اترے، دونوں نے 34 رنز کی شراکت داری قائم کی، اس موقع پر فخر زمان کو مدھیویرے نے 13 رنز پر آؤٹ کردیا۔ پاکستان کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد حفیظ تھے جو صرف 5 رنز ہی بناسکے۔

اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی کھیلنے والے دانش عزیز بھی 15 رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور حیدر علی ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئے وہ صرف 5 رنز ہی بناسکے۔ فہیم اشرف صرف ایک رنز بناسکے۔ دوسری جانب محمد رضوان نے ایک سائیڈ کو سنبھالے رکھا اور اپنی نصف سنچری مکمل کی وہ 82 رنز پر ناٹ آؤٹ واپس آئے۔ ان کی اننگز میں 10 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

زمبابوے کی جانب سے  ویزلے میڈھویرے اور لیوک جونگوے نے 2،2 جب کہ بلیسنگ مزربانی، رچرڈ نگاروا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔