ای سی سی اجلاس، کورونا کے طبی آلات کی درآمد پرٹیکسوں میں چھوٹ کا امکان

بزنس رپورٹر  منگل 8 جون 2021
اجلاس میں وزارت داخلہ کی جانب سے ٹیکنیکل ضمنی گرانٹس کے لیے بھجوائی جانے والی پانچ سمریوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔(فوٹو:فائل)

اجلاس میں وزارت داخلہ کی جانب سے ٹیکنیکل ضمنی گرانٹس کے لیے بھجوائی جانے والی پانچ سمریوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔(فوٹو:فائل)

 اسلام آباد: کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) کا اجلاس آج ہوگا، جس میں کورونا کے علاج میں استعمال ہونے والے طبی آلات و دیگر سامان کی درآمد پر ڈیوٹی اور ٹیکسوں میں دی جانے والی چھوٹ پر نظرثانی کی جائے گی۔

ایکسپریس کو دستیاب ایجنڈے کی کاپی کے مطابق کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت منعقد ہوگا۔ جس میں کورونا کے علاج میں استعمال ہونے والے طبی آلات و دیگر سامان کی درآمد پر ڈیوٹی اور ٹیکسوں میں دی جانیوالی چھوٹ پر نظر ثانی اور’احساس ڈونیشن فنڈ‘ اور ’احساس کوئی بھوکا نہ سوئے‘ فنڈ کو چلانے کے لیے پالیسی کمیٹی کے قیام کی منظوری کا جائزہ لیا جائے گا۔

ای سی سی کے اجلاس میں اینٹلی جینس بیورو(آئی بی) کے لیے رواں مالی سال کے بجٹ میں شارٹ فال پورا کرنے کےلیے اور وزارت داخلہ، وزارت اطلاعات و نشریات، وزارت صنعت و پیداوار، وزارت انسانی حقوق اور وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس سمیت دیگر وزارتوں کے لیے ٹیکنکل ضمنی گرانٹس کی منظوری سمیت بیس نکاتی ایجنڈے کا جائزہ لیا جائے گا۔

اجلاس میں ترسیلات زر اورمارکیٹنگ مہم کے لیے نئی مراعاتی اسکیم کی مارکیٹنگ کے لیے کوالیفائی کرنے والے مالیاتی اداروں کو مارکیٹنگ کے اخراجات کی مد میں ری ایمبرسمنٹ کے لیے 74 کروڑ 13 لاکھ پچاس ہزار 923 روپے کی ٹیکنیکل ضمنی گرانٹ کی منظوری دینے کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

اجلاس میں وزارت داخلہ کی جانب سے ٹیکنیکل ضمنی گرانٹس کے لیے بھجوائی جانے والی پانچ سمریوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا، جس کے تحت وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والی انسداد اسمگلنگ قائمہ کمیٹی کے فیصلوں کے تحت دیے گئے ٹاسک پر عمل درآمد کے لیے پاکستان کوسٹ گارڈز کی صلاحیتیں بڑھانے کے لیے ٹیکنیکل ضمنی گرانٹ کی منظوری کا بھی امکان ہے۔

پاکستان رینجرز سندھ کے لیے ٹیکنیکل ضمنی گرانٹ حاصل کرنے کے لیے داخلہ ڈیویژن کی سول آرمڈ فورسز کی ڈیمانڈ نمبر 96 سے فنڈز سرنڈر کرنے کی منظوری کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ جب کہ رواں مالی سال کے دوران پاکستان رینجرز پنجاب کے ای آر ای میں اخراجات پورے کرنے کے لیے ٹیکنیکل ضمنی گرانٹ کی منظوری پر بھی غور ہوگا۔

ای سی سی کے اجلاس میں ریونیو ڈویژن کی جانب سے رواں مالی سال کے ضروری اخراجات کے لیے بھجوائی جانے والی 8 کروڑ28 روپے، صوبوں کی جانب سے ویز اینڈ مینز ایڈوانسز کی مد میں حاصل کردہ ایڈوانسز، وزارت صنعت و پیداوار کی طرف سے اسمال اینڈ میڈیم انٹر پرائزز اتھارٹی اوروزارت ہیومن رائٹس ڈویژن کے لیے 2 کروڑ 21 لاکھ 76 ہزار روپے کی ٹیکنیکل ضمنی گرانٹ کی سمری بھی زیر غور آئے گی۔

اجلاس میں وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کی جانب سے سپریم کورٹ آف پاکستان اسلام آباد، سپریم کورٹ آف پاکستان کے ججز کی رہائش گاہوں، ریسٹ ہاؤسز اور مختلف شہروں میں قائم سب آفسز کی مرمت و دیکھ بھال کےلیے اضافی فنڈز کی فراہمی کی منظوری کا بھی امکان ہے۔

وفاقی وزارت ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ کی جانب سے وزیراعظم کے پسماندہ علاقوں کے لیے اعلان کردہ ری ایمبرسمنٹ اسکیم کے لیے ہائرایجوکیشن  37 کروڑ80 لاکھ روپے اور وزارت خزانہ کی بھی ٹیکنیکل ضمنی گرانٹس کی چار سمریاں زیر غور آئیں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔