متھن چکرورتی راجیہ سبھا کی رکنیت کیلیے نامزد

ترینامول کانگریس کے نامزدکرنے پرخوش ہوں،فلمی اورسیاسی سرگرمیوں میں توازن رکھوں گا،متھن


Showbiz Desk January 21, 2014
فلمیں ہمیشہ اولین ترجیحات میں شامل رہیں گی۔ فوٹو : فائل

بھارت کی سیاسی جماعت '' آل انڈیا ترینامول کانگریس ''نے بالی ووڈ اداکار متھن چکرورتی کو راجیہ سبھا کے پانچ ارکان میں سے ایک نشست کے لیے نامزد کردیا ہے۔

اس بات کا اعلان مغربی بنگال کی وزیراعلی ممتا بینر جی نے ہفتہ کی رات ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا ،ممتابینرجی کا کہناتھا کہ اس مرتبہ راجیہ سبھاکے پانچ ارکان ہمارے صوبے سے منتخب ہونگے جن میں سے ایک کے لیے''آل انڈیا ترینامول کانگریس'' نے متھن چکورتی کو نامزد کیا ہے۔اپنی نامزدگی کے بعد بالی وڈ کے لیجنڈاداکار متھن چکروتی نے اپنے ایک انٹرویو کے دوران کہا ہے کہ '' آل انڈیا ترینامول کانگریس '' کے پانچ راجیہ سبھا ارکان کی نشست کے لیے نامزد ہونے پرانھیں خوشی ہے لیکن فلمیں ہمیشہ ان کی اولین ترجیحات میں شامل رہیں گی۔



کیونکہ فلموں کی وجہ سے انھیں شناخت حاصل ہوئی ہے وہ محنت و لگن سے فلمی سرگرمیاں بھی جاری رکھیں گے ۔ وہ اپنے فلمی و سیاسی سرگرمیوں میں توازن ایسے برقرار رکھیں گے کہ جب وہ فلمی سیٹ پر موجود ہونگے تو وہ صرف اداکار ہونگے اور اداکاری پر توجہ مرکوز کرینگے اور سیاسی سرگرمیوں کے دوران صرف سیاسی رکن ہونگے ۔ ان کی زندگی کا مقصد عوام کی خدمت ہے جو مرتے دم تک نبھاتے رہیں گے۔

مقبول خبریں