کراچی کے مزدور پر 200 جاپانی گاڑیاں خریدنے کا الزام، نیب میں طلبی

اسٹاف رپورٹر  منگل 29 جون 2021
 مزدوراکبرشٹرنگ کا کام کرتا ہے اور ملازمت میں ناکامی کے بعد 2017 میں سعودی عرب سے وطن واپس پہنچا تھا۔(فوٹو:فائل)

مزدوراکبرشٹرنگ کا کام کرتا ہے اور ملازمت میں ناکامی کے بعد 2017 میں سعودی عرب سے وطن واپس پہنچا تھا۔(فوٹو:فائل)

 کراچی: فالودے اور چینی والے کے بعد دیہاڑی دار مزدور پر جعلی اکاونٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کا الزام سامنے آگیا۔

ذرائع کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے نارتھ ناظم آباد کراچی کے رہائشی مزدور کو منی لانڈرنگ کے پیسوں سے جاپانی گاڑیاں خریدنےکے الزام میں تحقیقات کے لیے راولپنڈی طلب کرلیا ہے۔

نیب کی جانب سے جاری کردہ نوٹس کے مطابق شہری محمد اکبر نے2016 اور 2017 کے درمیان جاپان سے چوری شدہ 200 کے قریب گاڑیاں خریدی،  جن کی خریداری کے لیے منی لانڈرنگ کی رقم استعمال کی گئی۔

ذرائع کے مطابق نیب نے 15 جون کو اکبرنامی شہری کو تحقیقات کے لیے کال اپ نوٹس جاری کیا تھا، جس میں نیب حکام نے 24 جون گیارہ بجے تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہونے کے لیے کہا تھا، ذرائع کے مطابق اکبرشٹرنگ کا کام کرتا ہے، اور ملازمت میں ناکامی کے بعد 2017 میں سعودی عرب سے وطن واپس پہنچا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔