گارڈ کی فائرنگ سے آن لائن فوڈ ڈلیوری بوائے زخمی

اسٹاف رپورٹر  اتوار 25 جولائی 2021
کھانا دینے گیا تھا، گھر کی گھنٹی بجانے پر گارڈ سے تلخ کلامی ہوئی ،زخمی محمد ندیم۔ فوٹو: فائل

کھانا دینے گیا تھا، گھر کی گھنٹی بجانے پر گارڈ سے تلخ کلامی ہوئی ،زخمی محمد ندیم۔ فوٹو: فائل

کراچی: ڈیفنس میں سیکیورٹی گارڈ نے تلخ کلامی کے دوران آن لائن فوڈ ڈلیوری بوائے کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا۔

ایس ایس پی ساؤتھ زبیر نواز نے بتایا کہ زخمی کی شناخت 30 سالہ محمد ندیم کے نام سے ہوئی ہے جبکہ واقعہ سی ویو اپارٹمنٹ کے قریب بنگلے کے باہر پیش آیا ہے، فائرنگ کرنے والا ملزم سیکیورٹی گارڈ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار کا سیکیورٹی گارڈ ہے جو کہ موقع سے فرار ہوگیا ہے تاہم پولیس اس کی گرفتاری کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ جھگڑا گھر کی گھنٹی بجانے پر ہوا اور نوبت تلخ کلامی اور فائرنگ تک جا پہنچی ، زخمی کو فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لے جایا گیا۔

اس حوالے سے آن لائن فوڈ ڈلیوری بوائے محمد ندیم نے پولیس کو بتایا کہ وہ مذکورہ گھر پر کھانا دینے گیا تھا ، سیکیورٹی گارڈ نے میرے ساتھ تلخ کلامی کی اور کہا کہ گھر کی گھنٹی کیوں بجائی جس پر میں بتایا کہ گیٹ پر کوئی موجود نہیں تھا اس لیے گھنٹی بجا کرکھانا پہنچایا یہ بات سن کر سیکیورٹی گارڈ مشتعل ہوگیا جس نے مجھے مغلظات بکیں اور مجھ پر اسلحہ تان کر ٹانگ پر گولی مار کر زخمی کر دیا جس کے نتیجے میں ٹانگ کی ہڈی میں فریکچر ہوا ہے۔

زخمی ہونے والے محمد ندیم کے ماموں نور احمد نے بتایا کہ ان کے بھانجے نے واقعے کی اطلاع دی تو وہ اسپتال پہنچ گئے ، ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اعلیٰ حکام کی جانب سے انصاف چاہیے ہم یہ نہیں جانتے کہ وہ کس کا گارڈ تھا۔

واقعے سے متعلق ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن کے موبائل فون پر رابطہ کیا تو انھوں نے فون ریسیو کرنے سے گریز کیا جس کے باعث ان کا موقف معلوم نہیں ہو سکا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔