اسٹیل مل کرپشن کیس؛ عدم ثبوت پر سابق چیئرمین 12 سال بعد بری

ویب ڈیسک  ہفتہ 31 جولائی 2021
معین آفتاب کے ہمراہ 16 ٹریڈرز ڈیلرز بھی ریفرنس میں بری ہوئے (فائل فوٹو)

معین آفتاب کے ہمراہ 16 ٹریڈرز ڈیلرز بھی ریفرنس میں بری ہوئے (فائل فوٹو)

 کراچی: احتساب عدالت نے پاکستان اسٹیل ملز کرپشن کیس میں سابق چئیرمین معین آفتاب کو 12 سال بعد عدم ثبوت پر بری کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کی احتساب عدالت نمبر چار نے پاکستان اسٹیل ملز کرپشن کیس کا فیصلہ سنادیا جس کے تحت سابق چیئرمین معین آفتاب کو کرپشن کیس سے بری کردیا گیا۔ استغاثہ کے مطابق اسٹیل مل کے سابق چئیرمین معین آفتاب پر 31 کروڑ روپے خورد برد کرنے کا الزام تھا۔

سال 2012ء سے معین آفتاب احتساب عدالت کے ریفرنس میں بطور ملزم پیش ہو رہے تھے۔ سابق چیئرمین اسٹیل ملز ڈھائی سال سے زائد عرصہ ایف آئی اے کی حراست میں رہے۔ عدالتی کارروائی کے دوران 22 گواہان کے بیانات ریکارڈ کیے گئے۔

ان کے خلاف الزامات پر علیحدہ علیحدہ 10 مقدمات درج کیے گئے۔ معین آفتاب کے ہمراہ 16 ٹریڈرز ڈیلرز بھی ریفرنس میں بری ہوئے۔ ٹریڈرز پر غیر قانونی ٹھیکے لینے کا الزام تھا۔

یاد رہے کہ 2009ء میں سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے اسٹیل ملز کرپشن پر ازخود نوٹس لیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔