پریتی ڈیسائی اور ابھے دیول کی ’’ون بائی ٹو‘‘ کا میوزک لانچ فلم 31 جنوری کو ریلیز ہوگی

بالی ووڈ میں ابھی نئی ہوں،پیشہ ور رقاصہ کا کردار ادا کرنے کیلیے باقاعدہ رقص کی تربیت حاصل کی، پریتی


Showbiz Desk January 28, 2014
شارٹ نوٹس پر میوزک ریلیز کرنے پر میوزک کمپنیوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں،جلد سینما اسکرین پر مداحوں کے درمیان ہوںگے ،ابھے دیول۔ فوٹو: فائل

بالی ووڈ اداکارہ پریتی ڈیسائی اور اداکار ابھے دیول کی فلم ''ون بائی ٹو'' کا میوزک ریلیز کر دیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق فلم کا میوزک کسی ایک کمپنی کی بجائے بیک وقت دو کمپنیوں کریسنڈو اور انسیز کی طرف سے جاری کیا گیا ہے۔ ابھے دیول اور پریتی ڈیسائی نے شارٹ نوٹس پر میوزک ریلیز کرنے پر دونوں کمپنیوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ابھے دیول اور پریتی ڈیسائی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کہا ہے کہ اب فلم کی ریلیز میں صرف چند دن ہی باقی رہ گئے ہیں تو فلم کا میوزک جاری کرنا ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم فلم کی ریلیز سے قبل اس کے میوزک کی تشہیر میں کوئی کمی نہیں رہنے دینا چاہتے اور کل میں میوزک کو فضائوں میں بکھیرنے کے لیے پورا دن ریڈیو اسٹیشن میں موجود رہوں گا۔ ابھے دیول کا مزید کہنا تھا کہ میں اور پریتی ڈیسائی کچھ ہی دن بعد سینما اسکرین پر آپ لوگوں کے درمیان موجود ہوں گے اور امید ہے کہ آپ فلم کو دیکھ کر ہماری اداکاری کی تعریف ضرور کریں گے۔

ادھر اطلاعات کے مطابق پریتی ڈیسائی جو فلم میں ایک پیشہ ور ڈانسر کے کردار میں مختلف اقسام کے رقص پیش کرتی نظر آئیں گی، کا کہنا ہے کہ بالی ووڈ میں رہنے کے لیے ایک اداکارہ کے لیے رقص پر عبور رکھنا ضروری ہوتا ہے اور اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے میں نے بھی دوسری اداکارئوں کی طرح باقاعدہ رقص کی تربیت حاصل کی ہے۔ ''ون بائی ٹو'' میں جاز سے لے کر ہپ ہاپ اور دیگر اقسام کے مغربی ڈانس کا مظاہرہ کرنے کے لیے میں نے بہت محنت کی ہے۔ امید ہے شائقین کو اس فلم میں میرا کردار اور پرفارمنس پسند آئے گی۔ پریتی ڈیسائی کا کہنا تھا کہ بالی ووڈ میں ابھی نئی ہوں کیونکہ ابھی تک میری صرف ایک ہی فلم ''شور ان دی سٹی'' سینما گھروں کی زینت بن سکی ہے۔ ''ون بائی ٹو'' کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ فلم کی کہانی اچھی ہے۔ اس میں شائقین کو رومانس کے ساتھ ساتھ کامیڈی بھی دیکھنے کو ملے گی اور یقیناً اسے پسند کریں گے۔ امیت کپور اور ابھے دیول کی مشترکہ پروڈکشن میں بنائی جانے والی فلم کی ہدایات دیویکا بھگت دے رہی ہیں۔

 photo 1_zpsf4773a6c.jpg

فلم کی دیگر کاسٹ میں رتی اگنی ہوتری، جیانت کرپلانی، دھرشن جاریوالا، لیلت دوبے اور آنش ترویدی، گیتکا تیاگی، نیترپال سنگھ ہیرا، یدھشٹرارش، پرتیکیا چاولہ، طاہربھاشن، مایاسارئو، یاشیکا ڈھلوں شامل ہیں۔ فلم کو 31جنوری 2014ء کو سینما گھروں کی زینت بنایا جا رہا ہے۔ ابھے کے متعلق سوال کے جواب میں پریتی ڈیسائی کا کہنا تھا کہ ''ون بائی ٹو'' ابھے دیول کے ساتھ میری دوسری فلم ہے۔ وہ میرے بہت اچھے دوست ہیں اور بہت سے مواقع پر میرا ساتھ دیتے ہیں۔ اس فلم میں بھی انھوں نے میرا بہت ساتھ دیا ہے۔ واضح رہے کہ پریتی ڈیسائی 29 ستمبر 1984ء کو برطانیہ میں پیدا ہوئیں۔ ابتدائی تعلیم آرسی پرائمری اسکول کولبے نیوھام میں حاصل کرنے کے بعد پریتی نے ننتھرپ کے سکینڈری اسکول میں داخلہ لے لیا اور پھر وہان سے مڈلزبرگ کالج میں تعلیم حاصل کرنے چلی گئیں۔

2007ء میں پریتی ڈیسائی نے مس گریٹ برطانیہ کا تاج اپنے سر پر سجاکر پہلی مرتبہ کسی بھارتی نژاد لڑکی کا یہ اعزاز حاصل کرنے کی تاریخ رقم کی۔ اطلاعات کے مطابق انھیں پہلے سے مقابلہ جیتنے والی حسینہ کے نااہل ہونے کی وجہ سے برطانیہ بھر سے ملنے والی رائے شماری کے بعد مس برطانیہ منتخب کیا گیا۔ 2008ء میں پریتی بھارت آگئی اور ماڈلنگ سے اپنے شوبز کیریئر کی ابتداکی اور ان کا پہلی ہی فوٹوشوٹ جو سپر اسٹار شاہ رخ خان کے ساتھ کیا گیا، نے اسے شہرت کے زینہ پر چڑھا دیا۔ اکتوبر 2009ء میں اسے ہریتک روشن کے ساتھ ماڈلنگ کا موقع ملا۔ اس کے بعد وہ متعدد غیرملکی ڈیزائنر کے ملبوسات کی نمائش میں بطور ماڈل شرکت کرتی رہی اور دوسال تک بھارت کی ایک سپرماڈل کے طور پر جانی جاتی رہی۔ 2011ء میں اس کی پہی فلم ''شور ان دی سٹی'' سینما گھروں کی زینت بنائی گئی۔

ایکتاکپور کی پروڈکشن میں تیار ہونے والی اس فلم میں پریتی ڈیسائی نے بھارتی نژاد امریکی اداکار سندھل رامامورتی کے مدمقابل فوٹو جرنلسٹ شالمیلی کا کردار ادا کیا تھا۔ راک نیدیمور اور کرشناڈی کے کی مشترکہ ہدایتکاری میں بنائی جانے والی اس فلم میں ڈیسائی کی اداکاری کو سراہا گیا اور اسے 2012ء میں نیویارک میں ہونے والے سائوتھ ایشن انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں جنوبی ایشیا کی بہترین ابھرتی ہوئی مرکزی اداکارہ کے ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ فلم ''راک دی شادی'' میں کیمو اپیرنس دے رہی ہیں تاہم کچھ وجوہات کی بنا پر یہ التوا کا شکار ہے۔

مقبول خبریں