کابل ایئرپورٹ پر مسلح افراد کے حملے میں سیکیورٹی گارڈ ہلاک، 3 غیرملکی فوجی زخمی

ویب ڈیسک  پير 23 اگست 2021
مسلح افراد نے کابل ایئرپورٹ کے شمالی دروازے پر فائرنگ کی، فوٹو: فائل

مسلح افراد نے کابل ایئرپورٹ کے شمالی دروازے پر فائرنگ کی، فوٹو: فائل

کابل: حامد کرزئی ایئرپورٹ پر مسلح افراد نے حملہ کر دیا جس پر غیرملکی فوجیوں اور افغان سیکیورٹی گارڈز نے مزاحمت کی، حملے کے دوران ایک سیکیورٹی گارڈ ہلاک اور جرمنی کی فوج کے 3 اہلکار زخمی ہوگئے۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کابل ایئرپورٹ پر افغانستان چھوڑنے کے خواہش مند شہریوں کی بڑی تعداد پہنچ گئی اور شدید بد انتظامی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ اسی دوران چند افراد نے شمالی دروازے سے داخل ہونے کی کوشش میں ناکامی پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔

مسلح افراد کی فائرنگ کے جواب میں ایئرپورٹ پر تعینات افغان سیکیورٹی گارڈ اور غیرملکی فوجیوں نے فائرنگ کی، فائرنگ کے تبادلے میں افغان محافظ ہلاک اور جرمنی کی فوج کے 3 اہلکار زخمی ہوگئے۔

یہ خبر پڑھیں : کابل ائیرپورٹ پر بھگدڑ سے 7 افراد ہلاک ہوئے، رپورٹ

مسلح افراد جھڑپ کے بعد فرار ہوگئے، ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ جاں ایک زخمی کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ تاحال یہ شناخت نہیں ہوسکی کہ مسلح افراد کون تھے اور ان کا تعلق کس جماعت تھا۔

یہ خبر بھی پڑھیں : افغان طالبان نے ٹی ٹی پی سے متعلق پاکستان کی شکایات پر کمیشن تشکیل دے دیا 

گزشتہ روز بھی کابل ایئرپورٹ پر بھگدڑ سے 4 افراد کچل کر ہلاک ہوگئے تھے جب کہ طالبان کے قبضے کے بعد سے تاحال ملک چھوڑنے کی کوشش کے دوران ہلاک ہونے والوں کی تعداد 20 سے تجاوز کرگئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔