دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کو 15 ارب ڈالر کے ٹیکس کا سامنا

دنیا کے امیر ترین شخص نے ٹیکس ادا کرنے کےلیے ٹیسلا کمپنی میں اپنے حصص بیچنے پر غور شروع کردیا


ویب ڈیسک November 08, 2021
دنیا کے امیر ترین شخص نے ٹیکس ادا کرنے کےلیے ٹیسلا کمپنی میں اپنے حصص بیچنے پر غور شروع کردیا

دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کو 15 ارب ڈالر کے ٹیکس بل کا سامنا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی ٹیکنالوجی اور الیکٹرک کاروں کی کمپنی ٹیسلا کے چیف ایگزیکٹیو ایلون مسک نے ٹیکس ادائیگی کےلیے کمپنی میں اپنے حصص فروخت کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے ٹوئٹر پر ایک پول کرایا جس میں انہوں نے اپنے فالوورز سے حصص فروخت کرنے کے حوالے سے مشورہ کیا۔

ٹوئٹر پر اس پول میں 35 لاکھ سے زیادہ صارفین نے حصہ لیا جن میں سے 58 فیصد نے ایلون کو حصص فروخت کرنے کا مشورہ دیا جبکہ 42 فیصد نے مخالفت کی۔

ٹیسلا میں مسک کے حصص کی مالیت 227 ارب ڈالر ہے جس کا 10 فیصد فروخت کرنے پر وہ سوچ بچار کررہے ہیں تاکہ ٹیکس ادا کرسکیں۔ 10 فیصد حصص بیچنے کی صورت میں انہیں 27.8 ارب ڈالر آمدنی ہوگی جس کے ذریعے وہ 15 ارب ڈالر ٹیکس ادا کرسکیں گے۔

ایلون مسک نے کچھ روز قبل یہ بھی کہا تھا اگر اقوام متحدہ کا عالمی خوراک پروگرام (ڈبلیو ایف پی) یہ ثابت کردے کہ 6 ارب ڈالر کی رقم سے دنیا سے بھوک مٹ سکتی ہے تو وہ ٹیسلا میں اپنے حصص فروخت کردیں گے اور اس سے حاصل ہونے والی رقم کو اقوام متحدہ کو عطیہ کردیں گے۔

مقبول خبریں