پیرس اولمپکس 2024 کے گولڈ میڈلسٹ اولمپین ارشد ندیم نے کہا ہے کہ 18 سال بعد سندھ کو نیشنل گیمز کی میزبانی ملنا خوش آئند ہے۔ کراچی کے لیے یہ بڑی اعزاز کی بات ہے کہ یہاں پر نیشنل گیمز کا انعقاد ہو رہا ہے۔
سندھ کے وزیر کھیل سردار محمد بخش خان مہر کے ہمراہ نیشنل اسٹیڈیم کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اولمپین ارشد ندیم نے کہا کہ نیشنل گیمز قومی کھیلوں میں بہت اہمیت رکھتے ہیں۔ نوجوانوں کے لیے یہ کھیل اہمیت کے حامل ہیں،اہلیان کراچی سے گزارش ہے کہ وہ ہفتے سے شروع ہونے والے 35 ویں نیشنل گیمز کے مقابلوں کو ذوق و شوق کے ساتھ دیکھیں، کھلاڑیوں اور کھیلوں کی سرپرستی کریں۔
اولمپین ارشد ندیم نے کہا کہ نیشنل گیم جیسے مقابلوں کا تسلسل کے ساتھ انعقاد ضروری ہے۔
انہوں نے پرتپاک خیر مقدم اور مہمان نوازی پر حکومت سندھ خاص طور پر وزیر کھیل کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر اولمپین ارشد ندیم کو سندھ کی روایتی ٹوپی اور اجرک پہنائی گئی اور تحائف پیش کیے گئے۔