ناظم جوکھیو قتل کیس 3 ملزمان کے جسمانی ریمانڈمیں توسیع

رکن اسمبلی اور2ملزم سخت سیکیورٹی میں پیش،2ملزم مفرور ہیں،تفتیشی افسر


کورٹ رپورٹر November 09, 2021
جوڈیشل مجسٹریٹ نے تفتیشی افسرسے اگلی پیشی پرپیشرفت رپورٹ طلب کرلی ۔ فوٹو : فائل

جوڈیشل مجسٹریٹ نے ملیر میمن گوٹھ میں غیر ملکیوں کو شکار سے روکنے پر نوجوان ناظم جوکھیو کے قتل کے مقدمے میں رکن سندھ اسمبلی جام اویس سمیت 3 ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 3 دن کی توسیع کردی۔

ملیر کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت کے روبرو ملیر میمن گوٹھ میں غیرملکیوں کو شکار سے روکنے پر نوجوان کے قتل سے متعلق سماعت ہوئی، ملیر پولیس نے رکن صوبائی اسمبلی جام اویس کو عدالت میں پیش کیا، رکن صوبائی اسمبلی جام اویس اور دیگر 2 ملزمان کو سخت سیکیورٹی میں عدالت پہنچایا گیا۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ مقدمے میں 2 ملزمان مفرور ہیں، ملزمان سے مفرور ملزمان سے متعلق تفتیش کرنی ہے، عدالت نے رکن اسمبلی جام اویس سمیت 3 ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 3 دن کی توسیع کردی۔

عدالت نے تفتیشی افسر سے پیشرفت رپورٹ طلب کرلی، مقتول ناظم جوکھیو نے ملیر میمن گوٹھ میں غیر ملکیوں کو شکار سے روکنے کی وڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی تھی، مقتول ناظم جوکھیو کی تشدد زدہ لاش ملیر میمن گوٹھ سے ملی تھی۔

مقتول کے ورثا نے قتل کے لیے رکن صوبائی اسمبلی جام اویس گہرام کو مقدمے میں نامزد کیا تھا، رکن صوبائی اسمبلی کی پیشی کے موقع پر وکلا نے شدید احتجاج کیا اور رکن اسمبلی کے خلاف نعرے بازی کی۔

مقبول خبریں