عوام کو قطارمیں کھڑا کردینا بے حسی و نااہلی نہیں ظلم کی انتہا ہے، مریم نواز

ویب ڈیسک  جمعرات 25 نومبر 2021
دعا ہےعمران خان اور ان کے وزرا بھی ان قطاروں میں کھڑے ہوں تاکہ انہیں عوام کی تکالیف کا پتہ چلے، مریم نواز۔ فوٹو:فائل

دعا ہےعمران خان اور ان کے وزرا بھی ان قطاروں میں کھڑے ہوں تاکہ انہیں عوام کی تکالیف کا پتہ چلے، مریم نواز۔ فوٹو:فائل

لاہور: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ عوام کو پیٹرول کے لئے قطار میں کھڑا کر دینا صرف بے حسی اور نااہلی نہیں،ظلم کی انتہا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام کو  پہلے آٹا، چینی اور اب پٹرول کے لیے قطار میں کھڑا کر دینا صرف بے حسی اور نااہلی نہیں بلکہ ظلم کی انتہا ہے، عوام تڑپتے اور رل رہے ہیں لیکن ظالم حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑا، اور ایک دن بھی عوام پر قیامت ڈھانے والے عمران خان کو عوام کی تکالیف پر پریشان ہونے ہوئے نہیں دیکھا۔

مریم نواز نے مختلف پیٹرول پمس پر عوام کے رش کی تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ یہ تصاویر صرف پیٹرول کے لیے قطاروں کی نہیں بلکہ عوام کے کرب، تکلیف اور بے بے بسی کی داستان ہے، دعا ہے ان قطاروں میں عمران خان، ان کو مسلط کرنے والے اور ان کے وفاقی وزرا بھی کھڑے ہوں تاکہ انہیں پتہ چلے کہ عوام پر کیا قیامت ٹوٹی ہے، یہ ہے وہ ذلت جو چند روز کے اقتدار کے لیے عمران خان نے کمائی ہے۔  ’عبرت کا نشان عمران خان‘۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔