جج نے بدتمیزی کرنے پر متحدہ رہنما کو جیل بھیج دیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 18 دسمبر 2021
ایم کیو ایم رہنما گلفراز خٹک ایڈوکیٹ [فائل-فوٹو]

ایم کیو ایم رہنما گلفراز خٹک ایڈوکیٹ [فائل-فوٹو]

­­­کراچی: مقدمے کی سماعت کے دوران جج سے بدتمیزی کرنا ایم کیو ایم رہنما کو مہنگا پڑگیا، تلخ کلامی پر جج نے گلفراز خٹک کو جیل بھی دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر 2 کے روبرو میڈیا ہاؤس پر حملے، ملک مخالف نعروں اور دہشت گردی کے مقدمات کی سماعت ہوئی۔ سماعت میں ایم کیو ایم کے رہنماؤں سمیت دیگر ملزمان پیش ہوئے۔ دوران سماعت ایم کیو ایم رہنماء گلفراز خٹک اور معزز جج کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جس پر جج نے پولیس اور رینجرز کی نفری طلب کرلی۔

جج اور ملزم گلفراز خٹک کے درمیان گواہ کے بیان پر جرح کے دوران تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا تھا جس کی وجہ سے جج نے اسی دوران ملزم گلفراز خٹک کی ضمانت منسوخ کردی۔

عدالت نے گلفراز خٹک کو جیل منتقل کرنے کے بعد رپورٹ پیش کرنے کا حکم جاری کردیا۔ عدالت نے ملزم گلفراز خٹک کے 3 جنوری کے لیے پروڈکشن آرڈر بھی جاری کردیئے۔ سماعت کے بعد بوٹ بیسن پولیس نے ایم کیوایم رہنما گلفراز خٹک کو گرفتارکرلیا۔ بوٹ بیسن تھانے کے ایس ایچ او نے گلفراز خٹک کو ہتھکڑی لگائی اور بکتر بند گاڑی میں جیل منتقل کیا۔

یاد رہے کہ عدالت میں ایم کیو ایم رہنماؤں سمیت کارکنوں پر میڈیا ہاؤسز پر حملے، پاکستان مخالف نعروں اور دہشت گردی کے 2 مقدمات زیر سماعت ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔