سابق شوہر نے پاکستانی نژاد امریکی خاتون وجیہہ سواتی کے قتل کا اعتراف کرلیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 25 دسمبر 2021
امریکی نژاد خاتون وجیہہ سال میں دو مرتبہ اغوا ہوچکی ہیں، پولیس حکام۔ فوٹو:اایکسپریس

امریکی نژاد خاتون وجیہہ سال میں دو مرتبہ اغوا ہوچکی ہیں، پولیس حکام۔ فوٹو:اایکسپریس

 اسلام آباد: پاکستانی نژاد امریکی خاتون وجیہہ سواتی کے اغوا کا کیس حل ہوگیا، خاتون کے سابق شوہر ملزم رضوان حبیب نے بیوی کے قتل کا اعتراف کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق راولپنڈی سے اغوا ہونے والی پاکستانی نژاد امریکی خاتون وجیہہ کے سابق شوہر نے اسے قتل کرنے کا اعتراف کرلیا۔ ملزم نے اپنی سابقہ اہلیہ کو پاکستان پہنچتے ہی اغوا کیا تھا۔

پولیس ذرائع  کے مطابق ملزم نے وجیہہ کو قتل کرکے لاش ڈیرہ اسماعیل خان میں دفنائی ہے۔ پولیس کی ٹیمیں ملزم کی نشاندہی پر ڈیرہ اسماعیل خان روانہ ہوں گی۔ وجیہہ سواتی کی لاش برآمدگی کے بعد راولپنڈی منتقل کریں گے۔ ملزم رضوان حبیب 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی حراست میں ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں:  پاکستانی نژاد امریکی خاتون کے کیس میں سابق شوہر گرفتار

پولیس حکام نے بتایا کہ امریکی خاتون وجیہہ سواتی 9 ماہ پہلے بھی تھانہ مورگاہ کی حدود سے اغوا ہوئی تھی، مارچ میں اغوا کی ایف آئی آر کا مدعی وجیہہ کا شوہر رضوان حبیب تھا، اس تحقیق کے بعد رضوان حبیب ایک مقدمے کا مدعی اور دوسرے کا ملزم نکلا، جس پر پولیس نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا ہے۔

حکام کے مطابق 9 ماہ پہلے مارچ میں وجیہہ سواتی کو بچوں سمیت اغوا کا مقدمہ درج ہوا تھا، تاہم اس وقت درج ہونے والی ایف آئی آر 136/21 میں اغوا ثابت نہیں ہوا تھا، اور انکشاف ہوا تھا کہ وجیہہ سواتی 9 ماہ پہلے بچوں سمیت بیرون ملک گئی تھی۔ ایک خاتون کے سال میں 2 مرتبہ اغوا کی تحقیقات جاری ہیں، ابھی خاتون کا سراغ تاحال نہیں مل سکا، لیکن اغوا کیس میں اہم معلومات ملی ہیں جن کی تصدیق کررہے ہیں۔

واضح رہے 2 ماہ قبل خاتون وجیہہ سواتی اغوا ہوئی تھی، ان کے تین کم عمر بچے امریکا میں ہیں، وجیہہ سواتی اپنے شوہر رضوان حبیب سے جائیداد کا معاملہ حل کرنے پاکستان آئی تھی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔