ایشوریا رائے فلمساز پی واسو کی فلم میں ایکشن کردار ادا کریں گی

ایشوریافلم میں ’’کالیری فائٹر‘‘ کا کردار کررہی ہیں ،شوٹنگ شمالی بھارت اور کمبوڈیا میں کی جائے گی، پی واسو


Showbiz Desk February 18, 2014
ایشوریافلم میں ’’کالیری فائٹر‘‘ کا کردار کررہی ہیں،ہیروکی تلاش جاری ہے ،شوٹنگ شمالی بھارت اور کمبوڈیا میں کی جائے گی، پی واسو فوٹو: فائل

بچن خاندان کی بہو اداکارہ ایشوریا رائے بچن فلمساز پی واسو کی فلم میں ایکشن کردار ادا کریں گی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ساؤتھ فلموں چندرمکھی اور چھینہ تھمبی کے فلمساز پی واسو نے کہا ہے کہ سابق مس ورلڈ ایشوریا رائے بچن ان کی فلم میں ایکشن کردار ایک کالیری فائٹر (Kalari fighter) کے روپ میں جلوہ گر ہوں گی۔

اپنے ایک بیان میں فلمساز کا کہنا ہے ان کی فلم متعدد زبانوں میں بنائی جائے گی اور اس میں کلیری فائٹر کے مرکزی کردار کے لیے سابق ملکہ حسن کو فائنل کرلیا گیا ہے۔انھوں نے کہا کہ ایشوریا رائے کو ان کی فلم کا اسکرپٹ بہت پسند آیا وہ اس میں ایسے جاندار اور طاقتور کردار میں نظر آئیں گی جو انھوں نے پہلے کبھی نہیں کیا ہے اور انھیں اپنے اس کردار پر بہتر طریقے سے پرفارم کرنے کے لیے اسٹنٹس کی خصوصی تربیت بھی دی جائے گی۔ واسو جو دو سال تک فلم کے اسکرپٹ پر کام کرتے رہے ہیں کا مذید کہنا ہے کہ فلم میں ویژول ایفکٹس کے لیے فرانسیسی ماہرین کی خدمات حاصل کرلی گئی ہیں جب کہ فلم کی شوٹنگ شمالی بھارت کے علاوہ کمبودیا کے کچھ علاقوں میں بھی کی جائے گی۔

انھوں نے مزیدکہا کہ فلم میں دو ہیرو ہونگے جن کے لیے اداکاروں کو فائنل کیا جارہا اور ان کا اعلان بھی جلد ہی کردیا جائے گا۔اطلاعات کے مطابق پی واسو کی فلم جس کے نام کا اعلان ابھی تک نہیں کیا گیا ہے کی پہلی تصویر جاری کردی گئی ہے جس میں ایشوریا رائے بچن کو گھوڑے پر سوار درختوں کے جھنڈ میں سے گزرتے ہوئے دکھایا گیا ۔

دوسری طرف دو سال قبل بیٹی ارادھیا کی پیدائش کے باعث فلم انڈسٹری سے عارضی طور پر کنارہ کشی اختیار کرنیوالی سابق مس ورلڈ فلمساز منی رتنم کی فلم میں بھی کام کررہی ہیں ۔ خواتین کے تین مرکزی کرداروں پر مشتمل فلم میں ایشوریا رائے کے ساتھ اداکارہ شروتی ہاسن بھی جلوہ گر ہوں رہی ہیں جب کہ تیسری خاتون کے کردار کے لیے اداکارہ سوناکشی سنہا سے رابطہ کیا گیا تھا مگر انھوں نے اپنی دوسری فلموں کی شوٹنگز کا بہانا بناتے ہوئے منی رتنم کی فلم میں کام سے انکار کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق منی رتنم نے اپنی اس فلم کے لیے سلسلہ میں سوناکشی کے والد اداکار شترو گھن سنہا سے بات کی تھی اور انھوں نے اپنی ب یٹی سے بات کی مگر سوناکشی نے کہا ہے کہ ایشوریا رائے اس فلم کے زریعہ ایک مرتبہ پھر بالی ووڈ میں قدم رکھ رہی ہیں اور اس کی موجودگی میں ان کی پرفارمنس دب جائے گی اس لیے وہ فی الحال ایشوریا رائے کے ساتھ کسی فلم میں کام نہیں کرسکتی۔

ذرائع کا کہنا ہے ہے فلم میں تین ہیروز کے کرداروں میں سے دو ہیروز مہیش بابو اور ناگرجنا کا انتخاب کرلیا گیا اور جلد ہی تیسرے کا نام بھی فائنل کرلیا جائے گا۔ زرائع کا کہنا ہے کہ منی رتنم ان دنوں فلم کی پری پروڈکشن پر توجہ دے رہے ہیں اور اگر سب کچھ منصوبہ کے مطابق ہوگیا تو بیرون ممالک شوٹنگز جولائی میں شروع ہوجائیں گی ۔واضح رہے کہ ایشوریا رائے نے 1997 میں تامل فلم ''ارورار'' سے فلمی کیرئیر کی ابتدا کی اور اس برس اداکارہ کی پہلی ہندی فلم ''اور پیار ہوگیا'' بھی ریلیز ہوئی۔ 1998 میں تامل فلم ''جینز''میں جلوہ گر ہوئیں۔ 1999 میں اداکارہ کی تین ہندی فلمیں'' آ اب لوٹ چلیں'' ، ہم دل دے چکے صنم اور تال سینما گھروں کی زینت بنائی گئیں۔

2000 میں پانچ ہندی فلمیں ''میلہ'' ، ''جوش'' ، ''ہمارا دل آپ کے پاس''، ''ڈھائی اکشر پریم کے'' اور محبتیں جب کہ ایک تامل فلم ''کانڈوکونڈیا''ریلیز ہوئی۔2001 میں ایشوریا رائے صرف ایک ہندی فلم البیلا میں نظر آئیں۔ 2002 میں تین ہندی فلموں '' ہم تمہارے ہیں صنم'' ، '' ہم کسی سے کم نہیں'' اور دیوداس میں اداکاری کا مظاہرہ کرنے کے علاوہ فلم ''شکتی'' کے گانے '' عشق کمینہ ''پرپرفارم کیا۔ 2003 میں اداکارہ کی ایک بنگالی فلم ''چھوکربالی'' کے علاوہ دو ہندی فلمیں '' دل کا رشتہ '' اور ''کچھ نہ کہو'' سینما گھروں کی زینت بنائی گئیں۔2004 میں ایک انگلش فلم برائیڈ ایند پریجیوڈس'' تین ہندی فلموں ''قہقہے، '' کیوں۔ہوگیا نا'' اور ''رین کوٹ'' میں جلوہ گر ہوئیں ۔

2005 میں ایک ہندی'' شبدھ'' اور ایک انگلش فلم ''مسٹرس آف سپائیسز'' ریلیز ہوئیں جب کہ اداکارہ نے اسی برس کے دوران فلم بنٹی اور ببلی کے گانے کجرارے پر بھی پرفارم کیا۔2006 میں دوفلمیں امراؤ جان اور دھوم 2 ریلیز ہوئیں۔2007 میںا داکارہ ایک ہندی فلم گرو جب کہ دو انگلش فلموں '' دی لاسٹ لیجن اور ''پرووکڈ'' میں نظر آئیں '' پرووکڈ'' کو ہندی ڈبنگ کے ساتھ بھی ریلیز کیا گیا۔2008 میں جودہ اکبر اور سرکار راج جب کہ 2009 کے دوران انگلش فلم دی پنک پینتھر2'' میں کام کیا۔ 2010 میں اداکارہ کی اوپر تلے تین ہندی فلمیں راون '' ایکشن ری پہے اور گزارش جب کہ دو تامل فلمیں راونان اور اینتھیران سینما گھروں کی زینت بنائی گئیں۔ اطلاعات کے مطابق اداکارہ ان دنوں ایک مرتبہ پھر بالی ووڈ میں دھوم مچانے کے لیے تیار ہیںاور انھیں فلمیں بھی حاصل ہوگئیں ہیں بالیو ووڈ حلقوں کا کہنا ہے ایشوریا رائے جس طرح ابتدا میں فلم انڈسٹری میں آئی اور چھاگئی اس مرتبہ بی اس کی واپسی ایسی ہی ہوگی اور وہ ایک مرتبہ پھر بالی ووڈ فلموں کی کامیابی کی ضمانت سمجھی جائے گی۔

مقبول خبریں