اسلام آباد سے برطانیہ منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام،کوئی گرفتاری نہ ہوسکی

ویب ڈیسک  ہفتہ 26 فروری 2022
فائل فوٹو

فائل فوٹو

 اسلام آباد: اینٹی نارکوٹکس فورس(اے این ایف) نے اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر دو مختلف کاروائیوں میں 22 کلو سے زائد ہیروئن برطانیہ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔

ترجمان اے این ایف کا کہنا تھا کہ پہلی کارروائی میں برطانیہ جانے والے دستانوں کی شپ منٹ کی تلاشی کے دوران 20 کلو ہیروئن برآمد کی، برطانیہ جانے والی کارگو کراچی سے نجی کورئیر کمپنی سے بک کی تھی جبکہ ہیروئن کو مہارت سے دستانوں میں چھپایا گیا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ دوسری کارروائی بھی اسلام آباد ائیرپورٹ کے کارگو سیکشن میں کی گئی، کارگو کے ذریعے کھیلوں میں استعمال ہونے والے دستانوں کو برطانیہ بھیجا جارہا تھا خفیہ اطلاع پر کارروائی میں 2 کلو سے زائد ہیروئن برآمد ہوئی۔

دونوں کارروائیوں میں کسی بھی ملزم کو گرفتار نہیں کیا جاسکا تاہم اے این ایف نے منشیات اسمگلنگ کے دو الگ مقدمات درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

اے این ایف ترجمان کا کہنا ہے کہ دونوں کاروائیاں خفیہ اطلاع پر کارگو سیکشن میں کی گئی تھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔