پی ٹی آئی رکن اسمبلی کی درخواست پر سی ای او کے الیکٹرک کے خلاف مقدمہ درج
مونس الٰہی کو بارہا کہا ان کی غلط پالیسی کے سبب شرپسند عناصر میرے گھر پر حملہ کررہے ہیں لیکن وہ نہ مانے،عبدالشکود شاد
کراچی:
کلاکوٹ پولیس نے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی عبدالشکور شاد کی درخواست پر کے الیکٹرک کے سی ای او کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اتوار کی شب لیاری کے علاقے چیل چوک کے قریب علاقہ مکینوں کی جانب سے گزشتہ 3 روز سے بجلی کی فراہمی منقطع ہونے پر احتجاج کیا گیا۔ احتجاج میں خواتین بچے اور بزرگ بھی تعداد میں شریک ہوئے، احتجاج کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی۔
پولیس نے مظاہرین سے مذاکرات کیے اور بجلی بحال کرانے کی یقین دہانی کے بعد مظاہرین کو منشتر کردیا تاہم اسی دوران کچھ مظاہرین احتجاج ختم کرنے کے بعد لیاری گبول پارک کے قریب واقع پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی عبدالشکور شاد کی رہائش گاہ پہنچ گئے اور احتجاج شروع کردیا۔
اس دوران احتجاجی مظاہرین نے شدید نعرے بازی بھی کی جس پر پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی عبدالشکور شاد نے کلاکوٹ تھانے میں درخواست جمع کرادی۔ درخواست میں عبدالشکور شاد نے موقف اپنا کہ ان کے گھر پر چند ڈنڈا بردارشرپسند عناصر نے پتھراؤ کیا اور گھر جلانے کی دھمکی دی، پولیس اور رینجرز کے بروقت آنے کی وجہ سے کوئی بڑا واقعہ پیش آنے سے بچ گیا، اس سے قبل بھی کے الیکٹرک کی جانب سے پورے پورے علاقے کی بجلی منقطع کرنے کی پالیسی کی وجہ سے ان کے گھر مخالفین کی شہ پرحملہ کیا گیا۔
انھوں نے کے الیکٹرک کے افسران خاص کر مونس علوی کو درخواست کی ان کی پالیسی کی وجہ سے امن و امان کا مسئلہ درپیش آسکتا لیکن کے الیکٹرک افسران نہ مانے اور 3 روز سے ان کے گھر کے قریبی علاقوں میں پی ایم ٹیز بند پڑے ہیں بجلی کی عدم فرامی کی وجہ سے چند عناصر نے لوگوں کو گمراہ کرکے ان کے گھر پرحملہ کراویا میں اپنی درخواست کے ذریعے کے الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی کو ذمہ دار سمجھتا ہوں اور اس کی وجہ سے بار بار انہیں اور ان کے گھر والوں کی سلامتی کو خطرہ لاحق ہوتا رہا ہے،لہذا مونس علوی کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
کلاکوٹ پولیس نے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی عبدالشکور شاد کی درخواست پر مقدمہ الزام نمبر 22/70 بجرم دفعہ 147،148،149 اور 506 بی کے تحت مقدمہ درج کرلیا ، مقدمے میں کے الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی کو نامزد کیا گیا ہے۔
لیاری میں رکن قومی اسمبلی عبدالشکور شاد کے گھر پر احتجاج اور حملے پر کے الیکٹرک کی مذمت
کے الیکٹرک کے ترجمان نے لیاری کے علاقے میں رکن قومی اسمبلی عبدالشکورشاد کے گھر پر ہونے والے احتجاج اور حملے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں مگر اس واقعے پر کے الیکٹرک کو ذمہ دار ٹھہرانا ہرگزدرست نہیں ہے۔
کے الیکٹرک کے ترجمان نے وزیر اعظم عمران خان اور گورنر عمران اسماعیل سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہےکہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ حکومتی نمائندے اور عہدیداران اس قسم کے غیر ذمہ دارانہ بیانات دینے سے گریز کریں، تمام عوامی نمائندوں سے درخواست کرتے ہیں کے اپنے علاقوں میں بجلی چوری کی روک تھام اور بروقت بلوں کی ادائیگی کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں اور کے الیکٹرک کا ساتھ دیں۔
ترجمان نے کہا کہ بجلی کی پیداوار اور ترسیل کے لئے نرخوں کا تعین وفاقی حکومت کرتی ہے، کے الیکٹرک بطور ادارہ کسی بھی شہری کو مفت بجلی فراہم نہیں کرسکتا۔