عمران خان پہلے وزیراعظم ہونگے جن کیخلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی احسن اقبال

قومی اسمبلی کا اجلاس بلائیں تاکہ دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے


ویب ڈیسک March 09, 2022
قومی اسمبلی کا اجلاس بلائیں تاکہ دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے: فوٹو:فائل

مسلم لیگ ن کے راہنما احسن اقبال کہتے ہیں کہ عمران خان ملک کے پہلے بدنصیب وزیراعظم ہوں گے جن کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہوگی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی راہنما احسن اقبال نے کہا کہ عدم اعتماد کی تحریک نااہلی، ناکامی، بے روزگاری اور غربت کا تحفہ دینے کے خلاف ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی کے ٹویٹ پر ردعمل دیتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے عمران خان کے حوالے سے ٹویٹ کیا ہے لیکن اسپیکر قومی اسمبلی کا عہدہ غیر جانبدار ہوتا ہے، اسپیکر کا یہ فرض نہیں کہ وہ کسی وزیراعظم کے ساتھ کھڑا ہو اور اسپیکر اگر جانبدار ہے تو کرسی چھوڑ کر نیچے ایوان میں بیٹھے۔

احسن اقبال نے کہا کہ تمام اپوزیشن جماعتیں تحریک عدم اعتماد کو کامیاب بنانے کے لیے پرامید ہیں اور اپوزیشن سیاسی حریف ہو سکتے لیکن دشمن نہیں کیونکہ ہم سب پاکستانی ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اپوزیشن کی عدم اعتماد کو ٹائی ٹائی فش کہنے والے کیوں قومی اسمبلی کا اجلاس نہیں بلاتے، قومی اسمبلی کا اجلاس بلائیں تاکہ دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے اندر بھی بغاوت ہو چکی ہے اور حلیف جماعتیں بھی پی ٹی آئی کا ساتھ دینے سے ہچکچا رہی ہیں، حکومتی اتحادی جماعتیں نہیں چاہتیں کہ وزیر اعظم عمران خان کے حصے کی گالیاں خود کھائیں۔

لیگی رہنما نے الزام لگایا کہ حکومت نے ہمارے خلاف بوگس مقدمات بنائے، حکومت اپنے دعووں پر سچی ہے تو 32پیسے کی مالی بدعنوانی ثابت کرکے دکھائے، حکومت نے مجھ پر نارووال سپورٹس سٹی منصوبہ ہائی جیک کرنے کا الزام لگا کر کیس بنایا اور ایسے بوگس مقدمات بنا کر عوام کی آنکھوں میں جھول جھونکتے ہیں لیکن اب اس کھیل کا ڈراپ سین ہونے والا ہے۔

احسن اقبال نے الزام لگایا کہ ملک کے دشمن چاہتے ہیں کہ عمران خان بطور وزیراعظم ملک پر بیٹھا رہے لیکن پاکستان کی معیشت کو بہتر کرکے دوبارہ ملک کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے۔

مقبول خبریں