اسپن اور ریورس سوئنگ کینگروز کو پھنسانے کا پلان

ڈر کر نہیں جیت سکتے، ہار بھی جائیں تو کون سی قیامت آ جائے گی،عاقب جاوید


Saleem Khaliq March 12, 2022
 اگر ہمیں ہوم گرائونڈ پر کھیلنے سے بھی ڈر لگے تو اللہ ہی حافظ ہے،سابق پیسر ۔ فوٹو : فائل

اسپن اور ریورس سوئنگ،عاقب جاوید نے کینگروز کوپھنسانے کا پلان بتادیا۔

پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pk کو انٹرویو میں عاقب جاوید نے کہا کہ کوئی بھی مہمان ٹیم آئے ایسی حکمت عملی بنائی جاتی ہے کہ اسے ہرا سکیں،میں نے ایک عجیب سی بات سنی کہ پچ کی تیاری میں 4 یا 5 ماہ لگتے ہیں اور مٹی آسٹریلیا سے منگوائی ہے، ان کے ملک سے مٹی منگوا کر کینگروز کو اپنے ملک جیسی کنڈیشنز فراہم کرنے کی بات میری سمجھ میں نہیں آئی، بنگلادیش، سری لنکا اور بھارت میں آسٹریلوی ٹیم ٹرننگ پچز کی وجہ سے ہار جاتی ہے، اس طرح کا ٹریک پاکستان میں کیوں نہیں بن سکتا؟ اگر اسپن پچز بنائیں ان کو اچھی طرح خشک کریں توگیند گرپ ہونے سے بولرز کو مدد ملے گی،کراچی میں اس حکمت عملی کو اپنانے کا بہترین موقع ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہوم سیریز میں فائدہ اٹھانے کے 2 ہی طریقے ہیں گیند ٹرن یا پھر ریورس سوئنگ ہو،پیسرز کیلیے30 گز کا دائرہ خشک رکھا جائے،بولرز ایک طرف سے گیند چمکائیں تو ریورس سوئنگ ہوگی۔ میرے خیال میں اس طرح کی کنڈیشنز کا فائدہ اٹھانے کیلیے شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف بہترین بولر ہیں۔

ایسی کنڈیشنز تجربہ کار آسٹریلوی فاسٹ بولرز کیلیے بھی سازگار ہونے کے سوال پر عاقب جاوید نے کہا کہ آپ ہار کا خوف لے کر کھیلیں تو کبھی نہیں جیت سکتے، ہار بھی جائیں تو کون سی قیامت آ جائے گی،جیت کا جذبہ لے کر نہیں کھیلیں گے توشائقین آپ سے دور ہوتے جائیں گے، سوچ تبدیل اور دلیری سے فیصلے کریں، اپنے 50 یا 100 رنز کے ذاتی اہداف ذہن میں رکھ کر کھیلنے سے کرکٹ آگے نہیں جا سکتی، اگر ہمیں ہوم گرائونڈ پر کھیلنے سے ہی ڈر لگے تو اللہ ہی حافظ ہے۔

مقبول خبریں