ویراٹ کوہلی کے کیریئر کا سورج غروب ہونے لگا

سپراسٹار کے بیٹ پر جمی گرد نہ جھڑ سکی، 100 کا منہ دیکھے 100 میچز گزر گئے


Sports Desk April 21, 2022
شاستری نے کیریئر مزید 5، 6 سال تک بڑھانے کیلیے وقفے کا مشورہ دے دیا۔ فوٹو : اے ایف پی

کراچی: ویراٹ کوہلی کے کیریئر کا سورج غروب ہونے لگا جب کہ بیٹ پر جمی گردجھڑنے کا نام ہی نہیں لے رہی۔

بھارت کے سابق کپتان ویراٹ کوہلی سنچری اسکور کرنا بھول گئے، مسابقتی کرکٹ میں انھیں 100 کا منہ دیکھے 100 میچز گزر گئے، گزشتہ دنوں آئی پی ایل میں وہ رائل چیلنجرز بنگلور کی نمائندگی کے دوران گولڈن ڈک کا شکار ہوئے۔

انھوں نے دشمانتھا چیمیرا کی باہر جاتی ہوئی گیند کو کھیلنا چاہا جو سیدھی پوائنٹ پر موجود فیلڈر کے ہاتھوں میں چلی گئی، رواں ایڈیشن میں اب تک کوہلی نے صرف 119 رنز اسکور کیے ہیں۔ اس دوران انھوں نے 48 اور ایک 41 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی۔

کوہلی نے مسابقتی کرکٹ میں آخری مرتبہ سنچری 22 نومبر 2019 میں بنگلادیش کے خلاف ڈے نائٹ ٹیسٹ میں بنائی تھی۔

رائل چیلنجرز بنگلور کے شائقین نے بھی فرنچائز کے سابق کپتان کی بیٹنگ فارم پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ دوسری جانب سابق کپتان و ہیڈ کوچ روی شاستری بھی 33 سالہ کوہلی کی زوال پزیر فارم سے کافی پریشان ہیں، وہ مسئلے کا حل انھیں مناسب آرام دینے کو سمجھتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ میں سیدھی بات کرتا ہوں ویراٹ کوہلی اس وقت ذہنی طور پر بہت زیادہ تھک چکے ہیں، اگر کسی کو اس وقت سب سے زیادہ آرام کی ضرورت ہے تو وہ کوہلی ہی ہیں، انھیں ڈیڑھ سے 2 ماہ تک بریک کی ضرورت ہے، انگلینڈ کے ٹور سے پہلے یا بعد میں یہ وقفہ دیا جاسکتا ہے۔

شاسترہ نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں ابھی کوہلی میں 6 سے 7 برس کی کرکٹ باقی ہے، اگر وہ ذہنی طور پر تھکن کا شکار ہوئے تو کیسے کھیلیں گے، انھیں لازمی طور پر تازہ دم ہونے کا موقع فراہم کرنا چاہیے۔

مقبول خبریں