کینسر میں مبتلا روسی صدر کے پاس زندگی کے صرف 3 سال بچے ہیں، انٹیلی جنس افسر

ویب ڈیسک  منگل 31 مئ 2022
پوٹن مبینہ طور پر کینسر یا پارکنسن کے مرض میں مبتلا ہوگئے ہیں، فوٹو: فائل

پوٹن مبینہ طور پر کینسر یا پارکنسن کے مرض میں مبتلا ہوگئے ہیں، فوٹو: فائل

 ماسکو: سابق انٹیلی جنس افسر نے دعویٰ کیا ہے کہ کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا 69 سالہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے پاس زندہ رہنے کے لیے اب صرف تین سال کا وقت رہ گیا ہے۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پوٹن کو خطرناک بیماری ہونے کی خبریں ایک بار پھر زیر گردش ہیں۔ ان کے کینسر یا پارکنسن میں مبتلا ہونے اور بینائی سے محروم ہونے کی غیر مصدقہ رپورٹس سامنے آئی ہیں۔

روسی انٹیلی جنس ادارے فیڈرل سیکیورٹی سروس کے ایک اعلیٰ افسر نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈاکٹرز کی ٹیم کے مطابق صدر پیوٹن کا کینسر تیزی سے پھیل رہا ہے اور ملکی صدر کے پاس زندہ رہنے کے لیے صرف 2 یا زیادہ سے زیادہ 3 سال کا عرصہ بچا ہے۔

اس بات کا انکشاف نامعلوم روسی انٹیلی جنس افسر نے اپنے ادارے کے سابق اعلیٰ عہدیدار بورس کارپیچکوف کو بھیجے گئے پیغامات میں کیا گیا ہے جس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پوٹن اپنی بینائی کھو رہے ہیں اور شدید سر درد میں مبتلا رہتے ہیں۔

روسی انٹیلی جنس افسر نے سنڈے مرر سے گفتگو میں کہا کہ صدر پوٹن جب ٹی وی پر نظر آتے ہیں تو ان کے ہاتھ لرز رہے ہوتے ہیں اور بینائی کم ہوتی جا رہی ہے اس لیے انھیں تقریر کے لیے جو کاغذ ٹکڑے دیئے جاتے ہیں ان میں بڑے بڑے حرف لکھے ہوتے ہیں۔ یہ اتنے بڑے ہوتے ہیں کہ ایک صفحے پر دو سطریں آتی ہیں۔

روسی حکومت نے ہمیشہ ہی ان خبروں کی تردید کی ہے اور صدر پوٹن کو ایک متحرک اور متاثر کن صحت کے حامل کی شخصیت کے طور پر ظاہر کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔