بی جے پی اراکین کے گستاخانہ بیانات پر بلاول بھٹو کا او آئی سی سیکریٹری جنرل سے رابطہ
وزیر خارجہ کا او آئی سی سیکریٹری جنرل سے بھارت میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم پر تشویش کا اظہار
HYDERABAD:
وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھارتی حکمران جماعت کے اراکین کی جانب سے نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخی کے معاملے پر اسلامی تعاون تنظیم کے جنرل سیکریٹری سے رابطہ کیا اور انہیں پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کی تشویش سے آگاہ کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے او آئی سی جنرل سیکریٹری حسین ابراہیم طحہٰ سے ہونے والی بات چیت کے حوالے سے سماجی رابطے کی سائٹ ٹویٹرپر ایک بیان جاری کیا۔
انہوں نے بتایا کہ اسلامی تعاون تنظیم کے جنرل سیکریٹری حسین ابراہیم طحہ سے گفتگو میں بی جے پی ارکان کے حضرت محمد ﷺ سے ناقابل قبول اور قابل مذمت کلمات سے متعلق بات ہوئی۔
وزیر خارجہ نے او آئی سی جنرل سیکریٹری کو ہندوستان میں بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا اور مسلمانوں پر ہونے والے مظالم پر بھی اپنی تشویش سے آگاہ کیا۔