آن لائن گیمز کی آڑ میں بچوں سے ہزاروں روپے بٹورنے کا انکشاف

لاہور: آن لائن پپ جی سمیت دیگر گیموں کی آڑ میں بچوں سے ہزاروں روپے لوٹنے والے گروہ کے خلاف کارروائی عمل میں لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ایف آئی اے سائبر کرائم نے والدین کی جانب سے شکایات موصول ہونے پر آن لائن پپ جی سمیت دیگر گیموں کی آڑ میں بچوں سے ہزاروں روپے لوٹنے والے گروہ کے خلاف کارروائی عمل میں لانے کا فیصلہ کیا ہے، گروہ بچوں سے رجسٹریشن کے نام پر 6 ہزار سے لے کر8 ہزار روپے بٹورتے ہیں اس کے بعد اپنا آئن لائن اکائونٹ بند کردیتے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گروہ کے افراد پہلے بچوں کے ساتھ آئن لائن گیمز کھیلتے ہیں پھر انھیں مختلف جعلی اکائونٹس کے ذریعے مقابلے میں حصہ لینے اور زیادہ رقم کا لالچ دیکر ان سے ایزی پیسہ یا دیگر ذرائع سے ہزاروں روپے بٹور رہے ہیں، جب کسی بچے کی جانب سے گیم کے مقابلے میں حصہ لینے کیلیے ہزاروں روپے بھجوائے جاتے ہیں تو اس کے بعد اپنا آئن لائن اکاؤنٹ بند کردیتے ہیں، اب تک متعدد بچے والدین کو بتائے بغیر ہزاروں روپے اس فراڈ گروہ کے ہاتھوں لٹا چکے ہیں۔

اس حوالے سے ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ سائبر کرائم ایکٹ کے تحت آئن لائن فراڈ کرنے والے افراد کے خلاف کارروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں البتہ والدین کو بھی چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کی آئن لائن حرکات کو ضرور چیک کریں۔