کرینہ کپور’’گبر‘‘ میں اکشے کمار کے ساتھ آئٹم سانگ کریں گی

ہدایتکار کرش کی فلم کے آئٹم سانگ کی عکس بندی پونے میں کی جائے گی، کرینہ کپور چند روز میں وہاں پہنچ جائیں گی، ذرائع


Showbiz Desk March 22, 2014
’’سنگھم 2‘‘ کی شوٹنگ بھی شروع،اجے دیوگن پر کچھ مناظر عکس بند کرلیے گئے،فلم میں مہاراشٹریہ لڑکی کا کردار ادا کررہی ہوں، کرینہ کپور فوٹو: فائل

بالی ووڈ اداکارہ اور نواپ پٹودی خاندان کی بہوکرینہ کپور خان جو پہلے بھی ''فیوکول سے'' اور ''ہلکٹ جوانی'' جیسے آئٹم سانگ میں اپنے جلوے دکھا چکی ہیں ایک مرتبہ پھر آئٹم سانگ کرنے کے لیے تیار ہوگئی ہیں اور اس مرتبہ وہ فلم گبر میں آئٹم سانگ کریں گی ۔

زرائع کا کہنا ہے کہ کرینہ کپور خان جلد ہی آئٹم سانگ کی شوٹنگ کے لیے پونے پہنچ جائیں گی دوسری طرف فلم کے کوریو گرافر وشو دیوا کا کہنا ہے کہ '' گبر '' میں ایک آئٹم سانگ بھی شامل کیا جارہا مگر ابھی میں اس اداکارہ کا نام نہیں ظاہر کرسکتا جس پر یہ گانا عکس بندکیا جائے گا مگر یہ طے ہے کہ گانے کی عکس بندی جلد ہی کی جائے گی ۔ہداتیکار اے آر مرگادوس کی تامل فلم ''رامنا'' کے ہندی ریمیک کے پروڈیوسر سنجے لیلا بھنسالی ہیں اور اس کی ہدایات کرش دے رہے ہیں جب کہ اکشے کمار اور شروتی ہاسن اس فلم مین پہلی مرتبہ ایک ساتھ جلوہ گر ہورہے ہیں فلم کی دیگر کاسٹ میں پرکاش راج، سونوسود ، کیکتن دھیر اور گوووند نامدیو شامل ہیں۔فلم کا میوزک موسیقار جوری ساجد واجد نے ترتیب دیا ہے ۔کہانی کے مطابق اکشے کمار جو فلم میں کرپشن کے خلاف ذاتی فوج ''اینٹی کرپشن فورس'' چلانے والے ''گبر سنگھ راجپوت'' کا کردار ادا کررہے ہیں اور اپنی اس فورس کے ساتھ مل کر معاشرے میں موجود کالی بھیڑوں کو چن چن کر پرسرارطریقے سے ہلاک کرتے ہیں ۔

جس کے نتیجہ میں پولیس پر دباؤپڑتا ہے کہ وہ ان ہلاکتوں کے زمہ دار کو گرفتار کریں ۔ادھر اطلاعات کے مطابق کرینہ کپور کے پاس ان دنوں صرف ایک ہی فلم '' سنگھم 2'' ہے جس میں وہ اداکار اجے دیوگن کے ساتھ مرکزی کردار ادا کررہی ہیں۔ یہ فلم 2011 کی سپرہٹ فلم ''سنگھم'' کا سیکوئل ہے جس کی ہدایات روہت شیٹی دے رہے ہیں ریلائنس انٹرٹینمنٹ اور اے دیوگن فلمز کے بینرز تلے بنائی جانیوالی فلم کاموسیقی ہمیش رشمیہ نے ترتیب دی ہے جب کہ امول گپتے اور انوپم کھیر بھی اہم کرداروں پر پرفارم کررہے ہیںبھارتی میڈیا کے مطابق اس فلم کی شوٹنگز کا سلسلہ نوی ممبئی میں خیرگڑھ کے نزدیک 15 مارچ سے شروع کردیا گیا ہے اور اجے دیوگن پر کچھ مناظر بھی عکسبند کیے گئے جب کہ شوٹنگ کے لیے پانویل کے قریب بھی ایک سیٹ لگادیاگیا ہے جب کہ کرینہ کپور خان بھی ایک دور روز کے دوران شوٹنگ کے لیے وہاں پہنچ رہی ہیں۔ ہدایتکار روہت شیٹی کا کہنا ہے کہ ممبئی میں فلم کی عکسبندی شیڈول کے مطابق ختم کرکے فلم کی کاسٹ اور عملہ مئی میں گوا چلا جائے گا اور وہاں بھی فلم کے کچھ اہم مناظر شوٹ کیے جائیں گے ۔

اپنی اس فلم کے متعلق کرینہ کپور کا کہنا ہے کہ ''سنگھم ٹو'' میں میرا کردار مہاراشٹر کی ایک لڑکی کا ہے اور میں نے اس کے لیے خاصی تیاری کررکھی ہے اوران دنوں مہارشٹر کے رہنے والوں کی طرح ہی بولنے کی پریکٹس کررہی ہوں ۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ اس فلم میں میرا کردار کافی جاندار ہے اور میں اس پر پرفارم کرنے کے لیے بہت پرجوش ہوں امید ہے مداحوں کو میری یہ فلم پسند آئے گی ۔ فلم ''شدھی'' اور ''بمبے سمورائی '' چھینے جانے کے سوال پر کرینہ کا کہنا تھا کہ ان دنوں فلموں کا مجھے کوئی افسوس نہیں ہے ، میں نے خود کرن جوہر کی فلم شدھی میں ہیرو کے فائنل اور شوٹنگ کا آغاز نہ ہونے کے باعث کام سے انکار کیا جب کہ بمبے سمورائی بھی عرصہ سے التوا کاشکار ہے جس کے باعث مجھے اس پر کوئی پریشانی نہیں ۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں اگر فلمیں نہ چھوڑوں تو دوسری اداکاراؤں کو ٹاپ کی ہیروئن بننے کا موقع کیسے ملے گا اس لیے میں اکثر ایسی فلموں میں کام سے انکار کردیتی ہوں جن سے مجھے توقع ہوکہ یہ جلد مکمل ہونے والی نہیں ہیں ۔ کرینہ کا مزید کہنا تھا مداح مجھے جلد ہی ایک نئے روپ میں سینما اسکرین پر دیکھیں گے اور میری اداکاری کی داد دیں گے ۔

دریں اثنا کرینہ کپور خان جو گزشتہ دنوں لیکمے فیشن ویک کے دوران ریمپ پر واک کرچکی ہیں کا بھارتی خبر رساں ادارے کو ایک انٹرویو کے دوران کہنا ہے کہ ان کے شوہر سیف علی خان ریمپ پر واک کرنے کو زیادہ پسند نہیں کرتے مگر جب میں کسی فیشن شو کے دوران ریمپ پرپرفارم کررہی ہوتی ہوں تو وہ بہت پرجوش ہوتے ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں ماڈل نہیں ایک اداکارہ ہوں اس کے باوجود میرے لیے ریمپ پر واک کرناکبھی مسئلہ نہیں رہا اور نہ ہی نروس ہوتی ہوں ۔ واضح رہے کہ 21 ستمبر 1980کو کپور خاندان میں اداکار رندھیر کپور اور ببیتا کے گھر پیدا ہونے والی کرینہ کی 2000 ئمیں پہلی فلم'' رفیوجی ''ریلیز ہوئی جس میں انھوں نے اپنی بہترین پرفارمنس پر فلم فیئر ایوارڈ جیتا ۔2001میں فلم ''مجھے کچھ کہنا ہے ''،''یادیں ''،''اجنبی ''،''اشوکا''،''کبھی خوشی کبھی غم'' 2002میں فلم ''مجھ سے دوستی کروگی ''،''جینا صرف میرے لیے ''2003 میں فلم ''تلاش''،''میں پریم کی دیوانی ہوں ''،''ایل اوسی کارگل''، خوشی ۔

2004میں ''چمیلی''،''یوو''،''فدا''،''اعتراض''، ''ہلچل'' 2005 میں فلم ''بے وفا''، ''کیونکہ''،''دوستی ''جب کہ 2006میں فلم ''36چائنا ٹاؤن''،''چپکے چپکے''، ''اومکارا''اور فلم ''ڈان ''میں پرفارم کیا۔ 2007کے دوران فلم''جب وی میٹ''میں کام کیا، 2008میں فلم ''تلاش''،''روڈ سائیڈ رومیو''اور فلم ''گول مال ریٹرنز''میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ 2009میں فلم''کمبخت عشق''اور فلم ''تھری ایڈیٹس''میں فن کا جادو جگایا ۔2010میں فلم ''ملیں گے ملیں گے''،''وی آر فیملی '' اور ''گول مال تھری''میں صلاحیتوں کا اظہار کیا ۔2011میں فلم ''باڈی گارڈ''،''را۔ون''میں عمدہ کام کرکے داد پائی، 2012میں اداکارہ کرینہ کپور نے فلم''اک میں اور اک تو''،''ہیروئن ''، ''ایجنٹ ونود''اور ''تلاش'' فلم میں جلوہ گرہوئیں۔2013 میں ستیہ گرہ اور گوری تیرے پیار میں ریلیز ہوئیں۔

مقبول خبریں