الیکشن کمیشن کی عمران خان کو کراچی میں 14 اکتوبر کا جلسہ نہ کرنے کی وارننگ

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 13 اکتوبر 2022
ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے گریز کریں بصورت دیگر کارروائی کی جائے گی، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر کورنگی

ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے گریز کریں بصورت دیگر کارروائی کی جائے گی، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر کورنگی

 کراچی: الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو شاہ فیصل کالونی میں 14 اکتوبر کے جلسے کے حوالے سے مشورہ دیا ہے کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے گریز کریں بصورت دیگر ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر کورنگی خدا بخش کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نیازی کو لکھے گئے مراسلے میں کہا ہے کہ ہم اس بات سے بخوبی آگاہ ہیں کہ آپ 14 اکتوبر 2022 کی شام 7 بجے پنجاب گراؤنڈ، شاہ فیصل کالونی میں این اے 239 کورنگی کراچی کے ضمنی انتخابات کے حوالے سے جلسہ کررہے ہیں ۔

ڈی ایم او نے کہا کہ یہ حدود کراچی میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی بھی ہے اور الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کے پیرا 30 کے تحت عوامی اجتماع/جلسے، کار ریلیوں، ہتھیاروں کی نمائش اور بلدیاتی انتخابات سے متعلق دیگر خلاف ورزیوں پر واضح طور پر پابندی ہے۔

ڈی ایم او نے عمران خان سے کہا کہ آپ کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کے ارتکاب سے گریز کریں بصورت دیگر قوائد کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

مراسلہ عمران خان کے علاوہ پی ٹی آئی کراچی کے صدر بلال احمد غفار اور ڈپٹی جنرل سیکریٹری کراچی گوہر خٹک کے نام بھی تحریر کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ عمران خان این اے 239 کورنگی اور این اے 237 ملیر کے ضمنی انتخاب کے امیدوار ہیں جس کے لیے پولنگ 16 اکتوبر کو ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔