مریم نواز سے ملاقات کیلیے نوجوان کئی فٹ بلند کرین پر چڑھ گیا، نہ ملنے پر کودنے کی دھمکی

نوجوان ایم پی اے ہاسٹل پر لگی کرین پر چڑھا اور دھمکی دی کہ اگر مریم نواز سے ملاقات نہ کروائی تو کود جائے گا


عائشہ صغیر December 19, 2025
فوٹو اسکرین گریپ

اوکاڑہ سے تعلق رکھنے والا نوجوان اپنے مطالبات منوانے اور وزیراعلیٰ مریم نواز سے ملاقات کیلیے پنجاب اسمبلی کے قریب ایم پی اے ہاسٹل پر لگی کرین پر چڑھ گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب اسمبلی کے سامنے زیر تعمیر ایم پی اے ہاسٹل کے قریب وقار نامی نوجوان کرین پر چڑھا اور دھمکی دی کہ اگر مریم نواز سے ملاقات نہ کروائی گئی تو پھر وہ چھلانگ لگا دے گا۔

اس صورت حال میں فوری طور پر ریسکیو کے اقدامات کیے گئے اور 1122 کی ٹیم کو طلب کیا گیا، جس نے سڑک کو بلاک کر کے نوجوان سے مذاکرات شروع کیے۔

ریسکیو 1122 کی ٹیم سے گفتگو کرتے ہوئے مذکورہ شخص نے کہا کہ جب تک مریم نواز سے ملاقات نہیں کرواؤ گے اس وقت تک نیچے نہیں آؤں گا، اس پر ریسکیو حکام نے اُسے یقین دہانی کرائی کہ نیچے آجائیں تو پھر ملاقات کروا دیں گے۔

اسی دوران وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے ایڈوائزر ٹو پولیٹیکل افیئرز ذیشان ملک موقع پر پہنچے اور کرین پر چڑھے شخص سے فون پر بات چیت کر کے تمام جائز مطالبات پورے کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

اس کے بعد کرین پر چڑھنے والے شخص کو ریسکیو کرلیا گیا۔ موقع پر گفتگو کرتے ہوئے رانا ارشد نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے ہمیں بھیجا جبکہ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے بھی اس واقعہ کا نوٹس لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے اپنے سیاسی مشیر ذیشان ملک کو بھیجا ہے اور وقار کی مہربانی جس کے ہم پر اعتماد کیا۔ بعد ازاں ایڈوائزر ٹو وزیر اعلیٰ زیشان ملک وقار کو اپنے ساتھ گاڑی میں بٹھا کر اپنے دفتر لے گئے۔

ذیشان ملک نے بتایا کہ وقار کے کچھ گھریلو معاملات تھے جس پر ڈی سی اوکاڑہ کو آگاہ کردیا گیا ہے اور اُسے مکمل طور پر تمام حوالوں سے مطمئن کیا گیا ہے۔

ذیشان ملک نے کہا کہ محمد وقار وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے فین ہیں کیونکہ وزیر اعلیٰ پنجاب بہترین انداز میں کام کررہی ہیں۔

محمد وقار نے مختصر گفتگو میں کہا کہ میں اپنا گھر بھی بنانا چاہتا ہوں امید ہے وزیر اعلیٰ اس میں میری مدد بھی کریں گی۔

مقبول خبریں