وزیراعلیٰ پنجاب نے ’کلمہ چوک تا لبرٹی چوک‘ ری ماڈلنگ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا
سی بی ڈی پنجاب بلیوارڈ منصوبے سے ملکی اور غیرملکی سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا, چودھری پرویز الہٰی
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ، کلمہ چوک تا لبرٹی کی ری ماڈلنگ(سی بی ڈی پنجاب بلیوارڈ) کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کلمہ چوک تا لبرٹی چوک تک ری ماڈلنگ کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا، جس سے شہریوں کو آمد و رفت میں آسانی اور وقت کی بچت ہوگی۔
اس حوالے سے چودھری پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ سی بی ڈی بلیوارڈ پر تقریباً 4 ارب 20 کروڑ روپے لاگت آئے گی، یہ منصوبہ لاہور ہی نہیں بلکہ پنجاب اور پاکستان بھر میں اپنی مثال آپ ہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ سی بی ڈی پنجاب بلیوارڈ منصوبے سے ملکی اور غیرملکی سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا، اس منصوبے کو "سی بی ڈی پنجاب بلیوارڈ" کا نام دیا گیا ہے۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر سی بی ڈی پنجاب عمران امین نے کہا کہ 365 میٹر طویل سگنل فری مین بلیوارڈ کو 180 روز میں تعمیر کیا جائے گا اور سی بی ڈی بلیوارڈ سے پنجاب کی ترقی کو نئی سمت ملے گی۔
تقریب میں رکن پنجاب اسمبلی میاں محمد اکرم عثمان،چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی عمران امین،وائس چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈفضیل آصف،کمشنر لاہورڈویژن،سی سی پی او لاہور،سیکرٹری اطلاعات، ڈی جی ایل ڈی اے،ڈپٹی کمشنرلاہوراورمتعلقہ حکام بھی شریک تھے۔