میری ٹائم افیئرز اور پی این ایس سی کے مابین تحقیق کے شعبے میں فروغ کیلیے مفاہمتی یاداشت پر دستخط

ویب ڈیسک  پير 31 اکتوبر 2022
—فوٹو

—فوٹو

 کراچی: نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف میری ٹائم افیئرز (این آئی ایم اے) اور پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی) کے درمیان تحقیق کے شعبے میں مشترکہ کوششوں اور دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط ہوگئے۔ 

وائس ایڈمرل (ر) عبدالعلیم ایچ آئی (ایم)، ڈائریکٹر جنرل (این آئی ایم اے) نے میری ٹائم انڈسٹری اور میری ٹائم تھنک ٹینک کے درمیان رابطے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے سے میری ٹائم صنعت کو فائدہ پہنچے گا اور یہ شعبہ پاکستان کے جی ڈی پی میں نمایاں حصہ ڈال سکے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ معاہدے کا مقصد تحقیق اور تعاون کو بہتر بنانا، میری ٹائم ڈومین میں تعاون کو فروغ دینا اور اسے مزید فعال بنانا ہے۔

تفصیلات کے مطابق دستاویزات کی توثیق وائس ایڈمرل (ر) عبدالعلیم ایچ آئی (ایم)، ڈائریکٹر جنرل (این آئی ایم اے) اور ریئر ایڈمرل جواد احمد ایس آئی (ایئم) چیئرمین پی این ایس سی نے کی۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ یہ معاہدہ نہ صرف دوطرفہ تعاون کو فروغ دے گا بلکہ مشترکہ سرگرمیوں کو فروغ دینے، معلومات کے تبادلے، فیلڈ ماہرین اور باہمی دلچسپی کے شعبوں کو آگے بڑھانے کے لیے تحقیق میں بھی اہم کردار ادا کرے گا جو پاکستان کی معیشت کی بہتری کے لیے میری ٹائم سیکٹر میں اہم کردار ادا کرے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔