اسحاق ڈار تین ارب ڈالر ڈیپازٹ کی مدت میں توسیع پر سعودی عرب کے مشکور

ویب ڈیسک  بدھ 7 دسمبر 2022
فوٹو؛ ٹوئٹر

فوٹو؛ ٹوئٹر

 اسلام آباد: وزیر خزانہ اسحاق ڈار نےسعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ (ایس ایف ڈی ) کی جانب سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں تین ارب امریکی ڈالر ڈیپازٹ کی مدت میں توسیع پر سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کا شکریہ ادا کیا۔

فنانس ڈویژن میں ہونے والی ملاقات میں وزیر خزانہ نے سعودی عرب کے سفیر کو سیلاب کے بعد جاری تعمیر نو اور بحالی کے پروگرام کے بارے میں آگاہ کیا اور سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ (ایس ایف ڈی ) کی جانب سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں تین ارب امریکی ڈالر ڈیپازٹ کی مدت میں توسیع پر سفیر کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں قیمتی سرمایہ کاری پر سعودی فنڈ برائے ترقی کا بھی شکریہ ادا کیا۔

سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے طویل المدتی تعلقات کا اعتراف کیا اور بتایا کہ مملکت سعودی عرب کا مقصد پاکستان کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید گہرا کرنا ہے۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پاکستان کے ساتھ مسلسل تعاون اور امداد پر مملکت سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔