افغانستان کے ٹنل میں آئل ٹینکر دھماکے سے پھٹ گیا؛ 19 جاں بحق اور 32 زخمی

ویب ڈیسک  اتوار 18 دسمبر 2022
افغانستان کے ٹنل میں آئل ٹینکر دھماکے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا، فوٹو: ٹوئٹر

افغانستان کے ٹنل میں آئل ٹینکر دھماکے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا، فوٹو: ٹوئٹر

کابل: عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل کی 129 کلومیٹر طویل سلنگ ٹنل میں سے گزرنے والے آئل ٹینکر میں دھماکا ہوگیا اور خوفناک آگ بھڑک اُٹھی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ آس پاس سے گزرنے والی گاڑیوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ دھماکے اور آتشزدگی میں 19 افراد جاں بحق اور 32 زخمی ہوگئے جب کہ درجنوں گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔

ٹنل کے طویل ہونے اور امدادی ٹیم کے تاخیر سے پہنچنے کے باعث ہلاکتوں میں اضافہ ہوا۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

پروان کی وزارت صحت نے 19 جانوں کے نقصان کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تاحال حادثے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا ہے۔

ٹنل میں ٹریفک کی آمد رفت کو معطل کردیا گیا ہے۔ امدادی کاموں میں 6 ایمبولینسوں اور 50 کے قریب رضاکاروں نے حصہ لیا۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

افغانستان میں گزشتہ برس اگست میں طالبان کے اقتدار سنبھالنے اور امریکی فوج کے انخلا کے بعد سے ملک کے فنڈز تاحال منجمد اور ریسکیو ادارے غیرفعال ہونے سے ہنگامی حالت میں قیمتی جانوں کی ہلاکت میں اضافے کی وجہ ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔