لسبیلہ؛ سلنڈر دھماکے میں فوج و رینجرز جوانوں سمیت 14 زخمی دم توڑ گئے

اسٹاف رپورٹر  بدھ 21 دسمبر 2022
دھماکے کے زخمیوں کو کراچی کے جناح اور سول اسپتال منتقل کیا گیا تھا (فوٹو فائل)

دھماکے کے زخمیوں کو کراچی کے جناح اور سول اسپتال منتقل کیا گیا تھا (فوٹو فائل)

 کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے لسبیلہ میں گیس سلنڈر دھماکے میں زخمی ہونے والے رینجرز اور پاک فوج کے جوانوں سمیت 14 افراد سول اور جناح اسپتال کے برنس وارڈ میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

قبل ازیں لسبیلہ کے منی بازار میں ہونے والے سلنڈر دھماکے میں زخمی ہونے والے 26 افراد کو ایدھی ایمبولینسوں کے ذریعے سول اسپتال کراچی کے برنس وارڈ منتقل کیا گیا تھا، جہاں 8افراد دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔

ایدھی حکام کے مطابق سول اسپتال کے برنس وارڈ میں دوران علاج جاں بحق ہونے والوں میں 30 سالہ منظور ولد امام بخش ، 27 سالہ برکت علی ولد محمد امین، 23 سالہ محمد یونس ولد محمد یعقوب، 23 سالہ ظہور ولد محمد یونس ، 35 سالہ حاجی عمر ولد حاجی جمعہ خان اور 45 سالہ غلام سرور ولد یار محمد اور 2 نامعلوم شامل ہیں۔

علاوہ ازیں رینجرز اہلکار 30 سالہ منظور ولد امام بخش اور پاکستان فوج کا جوان 27 سالہ برکت علی ولد محمد امین جناح اسپتال میں دوران علاج جاں بحق ہو گئے۔ جاں بحق افراد کی لاشیں غسل و کفن کے لیے موسیٰ لائن میں واقع ایدھی مرکز منتقل کر دی گئیں، جہاں سے بلوچستان کے علاقے لسبیلہ کے لیے روانہ کر دی جائیں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔